مقبوضہ کشمیر،حریت رہنمائوں اور تنظیموں کا شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت

ہفتہ 18 مئی 2019 16:35

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2019ء) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع پلوامہ کے علاقے پنجہ گام اور سوپور کے علاقے ہتھ لانگو میں شہید ہونے والے چار کشمیری نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ بھارتی فوجیوں نے آج(ہفتی) پلوامہ کے علاقے بون پورہ پنز گام میں تین جبکہ سوپور کے علاقے ہتھ لانگو میں میں ایک کشمیری نوجوانوںکو محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران شہید کر دیا۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئررہنما اور تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں نوجوانوںکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پوری مقبوضہ وادی خاص طور پر جنوبی اضلاع کو آگ و آہن کے حوالے کر دیاہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ بھارتی فوجی محاصروں اور تلاشی کی بے جا کارروائیوں کے کشمیری نوجوانوں کو روز گولیوں سے بھون رہے ہیں اورمکانات کو بارود لگاکر اڑا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں ہر سو مظالم ،تشدد ،ماردھاڑ اور جبر واتبداد کی دیگر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور بھارتی حکمرنوں نے کشمیریوں کی نسل کشی کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ کشمیری سات دہائیوں سے حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں مصروف ہیں اور اب تک اس راہ میں لاکھوں لوگوں کی قربانی دے چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان کے اس مقدس مہینے میں بھی لوگوں کو امن و سکون سے روزہ رکھنے کے مواقع سے محروم کیا جارہا ہے ۔

انہوں نے شہید نوجوانوں کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔جموںوکشمیر محاذ آزادی کے صدر محمد اقبال میر، حریت رہنما مشتاق الاسلام اور اسلامی تنظیم آزادی کے ترجمان نے بھی اپنے بیانات میں شہید نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوںکی بیش بہا قربانیوں کی بدولت تنازعہ کشمیر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ بے گناہ کشمیریوں کے قتل اور جبر و استبداد کی دیگر کارروائیوں کے ذریعے کشمیریوں کی جدوجہد کی دبا لے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی عظیم قربانیاں ایک روز ضرور رنگ لائیں گی اور جموںوکشمیر بھارت کے غاصبانہ سے آزادی حاصل کر لے گا۔