ذاکر موسیٰ کی شہادت پر جنوبی کشمیرمیں مسلسل چوتھے دن بھی ہڑتال

پیر 27 مئی 2019 13:51

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2019ء) مقبوضہ کشمیر میں ممتاز مجاہد کمانڈر ذاکرموسیٰ کی شہادت پر پیر کو مسلسل چوتھے روز بھی جنوبی کشمیر کے اضلاع میں مکمل ہڑتال کی گئی۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ذاکر موسیٰ کی شہادت پر مکمل ہڑتال کے باعث جنوبی کشمیر کے اضلاع میں نظام زندگی مفلو ج رہا ۔ دکانیں ، کاروباری مراکز اورپٹرول پمپ بند رہے اور سرکاری دفاتر میں حاضری کم رہی جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی۔

لوگوںکی بڑی تعداد کی طرف سے شہید مجاہد کمانڈر کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی اور یکجہتی کیلئے نورپورہ میں ان کے گھر آمد کا سلسلہ مسلسل جاری رہا ۔ انتظامیہ نے پوری وادی کشمیرمیں پیشگی حفاظتی اقدامات کے طورپر تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کے دستوں کو شوپیاں ، پلوامہ ، کولگام ، ترال اور اسلام آباد سمیت تمام حساس علاقوںمیں تعینات کیاگیا ہے ۔

جنوبی کشمیر کے اضلاع میں موبائیل انٹرنیٹ سروس بھی چاردنوں سے معطل ہے۔ انتظامیہ نے سیکورٹی کی وجوہات کی بنا پر جنوبی کشمیرمیں ٹرین سروس بھی معطل کر رکھی۔ بھارتی فوجیوں نے ذاکر موسیٰ کو جمعرات کی شام ضلع پلوامہ میں ترال کے علاقے ڈاڈسرہ میں ایک جھڑپ کے دوران ایک اور ساتھی کے ہمراہ شہید کر دیا تھا۔