مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوجیوں نے شوپیاں میں جمعة الوداع کے دن محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران مزید دوکشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا، لوگ احتجاج کے لئے گھروں سے نکل آئے، پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں متعدد زخمی

جمعہ 31 مئی 2019 11:39

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2019ء) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوںنے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران جمعة الوداع کے دن ضلع شوپیاں میں دو اور کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوںنے ان نوجوانوں کو ضلع شوپیاں کے علاقے دراگاڑ سوگام میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔

آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فوجی کارروائی جاری تھی ۔

(جاری ہے)

نوجوانوں کے قتل کے خلاف لوگوںنے سڑکوں پر نکل زبردست بھارت مخالف مظاہرے کئے ۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروںنے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس اور پیلٹ گنز کا بے دریغ استعمال کیا جس کے بعد مظاہرین اور فورسز اہلکاروںکے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ قابض انتظامیہ نے ضلع میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ہے ۔ادھر بھارتی فوجیوںنے ضلع کولگام کے علاقے دیسان میں بھی تلاشی اور محاصرے کی کارروائی شروع کی ہے ۔ عینی شاہدین کے مطابق فوجیوںنے علاقے کا محاصرہ کر کے تلاشی کی کارروائی شروع کی ہے۔