آئندہ 36 گھنٹوں میں کراچی میں طوفان کا خدشہ ہے، محکمہ موسمیات

پیر 10 جون 2019 18:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2019ء) محکمہ موسمیات نے سمندر میں ہوا کا کم دباؤ برقرار رہنے کی وجہ سے آئندہ 36 گھنٹوں میں کراچی میں طوفان کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات سے جاری بیان کے مطابق ٹراپیکل سائیکلون سینٹر نے اطلاع دی ہے کہ بحیرہ عرب میں کراچی کے جنوب سے 1500 کلومیٹر کے فاصلے پر شمال مشرقی حصے میں ہوا کے کم دباؤ میں اضافہ ہواہے جو سمندری طوفان میں تبدیل ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق آئندہ 36 گھنٹے کے دوران طوفان بننے کے بعد اس کا رخ ابتدائی طور پر شمال یا شمال مغرب کی طرف ہوگا۔محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت پاکستان کے کسی ساحلی علاقے کو اس سسٹم سے خطرہ نہیں ہے،تاہم سندھ کے مچھیروں کو خطرات سے آگاہ رہنے اور گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق طوفان کا رخ بھارت عمان یا پھر کراچی کی جانب ہو سکتا ہے، طوفان کا رٴْخ کراچی کی جانب ہونے پرساحلی پٹی پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔