Live Updates

پیپلز پارٹی رہنما اعتزاز احسن نے بلاول بھٹو کو شریف خاندان سے محتاط رہنے کا مشورہ دے دیا

کیا معلوم کب کوئی سیٹی بجائے اور شریف خاندان خاموش ہوجائے۔ پیپلز پارٹی رہنما اعتزاز احسن

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 22 جون 2019 14:42

پیپلز پارٹی رہنما اعتزاز احسن نے بلاول بھٹو کو شریف خاندان سے محتاط ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 جون 2019ء) : پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے پارٹی چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کو شریف خاندان سے محتاط رہنے کا مشورہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزازاحسن کا کہنا تھا کہ چئیرمین بلاول بھٹو زرداری شریف خاندان سے محتاط رہیں۔

بلاول کو احتیاط کا مشورہ دیتا ہوں لیکن پارٹی میں اور بھی بڑے سیانے ہیں۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ پہلے بھی مریم نواز خلائی مخلوق کے شور کے بعد ایک دم خاموش ہوگئی تھیں۔ میاں صاحب جیل نہیں کاٹ سکتے لیکن زرداری صاحب کاٹ لیتے ہیں۔ اعتزاز احسن نے انکشاف کیا کہ سابق صدر پرویز مشرف سے ڈیل سے 3 روز قبل کلثوم نواز نے مجھے جنگ تیز کرنے کو کہا لیکن دوسری جانب شریف خاندان باہر جانے کی تیاریاں کررہا تھا جس سے میں لاعلم تھا۔

(جاری ہے)

اعتزاز احسن کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف مایوس ہیں کیوںکہ اب باہر سے سفارش نہیں آنی، اس لیے لوکل دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں، شہبازشریف اور مریم نواز علیحدہ ہیں اور ان کے اپنے اپنے مفادات ہیں۔ انہوں نے بلاول بھٹو کو شریف خاندان سے محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ شریف خاندان کو پنڈی والوں نے رعایت دی تو یہ ان کے ساتھ ہی جائیں گے، کیا معلوم کب کوئی سیٹی بجائے اور شریف خاندان خاموش ہوجائے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ نوازشریف نے فوج سے تصادم کے لیے آصف زرداری سے اینٹ سے اینٹ بجانے کا بیان دلوایا اور بیان کے بعد میاں صاحب نے زرداری صاحب سے ملاقات منسوخ کردی۔ زرداری صاحب نے بطور صدر ان کی پنجاب حکومت نہیں گرائی، اپوزیشن میں ہم کہتے رہے کہ مزاحمتی تحریک چلائیں تو زرداری صاحب نے منع کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف چیئرنگ کراس میں رہے لیکن بھائی کے لیے ائیرپورٹ نہ گئے۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کے بیٹے سلیمان شہباز کا کمال ہے کہ اس کے اثاثوں کا 98 فیصد ٹی ٹیز کا ہے،اب وہ کاروبار بتانا ہوگا جس سے برطانیہ سے شریفوں کو رقم آئی۔ نواز شریف نے کئی مرتبہ میثاق جمہوریت کو توڑا اور سازشیں کیں، میمو گیٹ پر ہمیں غدار کروانے کے لیے کورٹ گئے اور گیلانی صاحب کو نا اہل کرایا۔ انہوں نے کہا کہ سجاد علی شاہ نواز شریف کو لے کر آئے لیکن ان کی عدالت پر ہی حملہ کروا دیا،جسٹس قیوم کو مجبورکیا کہ بی بی شہید اور زرداری صاحب کو سزائیں دیں۔ اعتراز احسن نے مزید کہا کہ سابق چیف جسٹس پاکستان افتخار چوہدری بحالی کے بعد اپنے ایجنڈے پر چل پڑے جس کا دکھ ہوا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات