مقبوضہ کشمیر، بھارتی پولیس نے سرینگر میں سینئر کشمیری صحافی کو گرفتارکرلیا

ترال میں چھاپوں کے دوران دو طا لب علموں سمیت تین نوجوان گرفتار

منگل 25 جون 2019 13:13

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے سرینگر میںسینئر کشمیری صحافی غلام جیلانی قادری کے گھر پر چھاپہ مار کر انہیں گرفتارکرلیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق صحافی کے اہل خانہ نے کہاکہ شہید گنج پولیس سٹیشن کی ایک ٹیم گزشتہ رات ساڑھے گیارہ بجے ان کے گھر میں داخل ہوگئی اور غلام جیلانی قادری کو اپنے ساتھ لے گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بعد میں معلوم ہوا کہ پولیس نے قادری کو 1992ء میں درج کئے گئے ایک کیس میں گرفتار کیا ہے ۔

(جاری ہے)

اہل خانہ نے کہاکہ غلام جیلانی قادری کی طبیعت ٹھیک نہیں رہتی اس لئے ہم انہیں دوائی دینے پولیس سٹیشن گئے جہاں ہمیں ان کی باضابطہ گرفتاری کا پتہ چلا۔62 سالہ غلام جیلانی قادری سرینگر سے شائع ہونے والے روزنامہ ’’آفاق‘‘ کے پرنٹر و پبلشرہیں۔ دریں اثناء بھارتی فورسز نے ضلع پلوامہ میں ترال کے علاقے پانزو ہ میں چھاپوں کے دوران دو طالب علموں سمیت تین نوجوانوں کو گرفتارکیا ہے۔ گرفتارنوجوانوں میںظہور احمد شیخ، عاقب احمد ملک اور بشیر احمد ملک شامل ہیں۔ تینوں کو پولیس سٹیشن ترال میں نظربند رکھا گیا ہے۔