چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس،

آصف علی زرداری اور دیگر کے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری ہر شخص کی عزت نفس کا احترام قانون کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے یقینی بنایا جائے گا، اس سلسلے میں کوئی کو تاہی برداشت نہیں کی جائے گی، چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال

بدھ 3 جولائی 2019 18:32

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2019ء) قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل اکائو نٹیبلٹی، ڈی جی آپریشن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ نیب ترجمان کی جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ نیب کی یہ دیرینہ پالیسی ہے کہ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے بارے میں تفصیلات عوام کو فراہم کی جائیں جو طریقہ گزشتہ کئی سالوں سے رائج ہے جس کا مقصد کسی کی دل آزاری مقصود نہیں۔

تمام انکوائریاں اور انویسٹی گیشنز مبینہ الزامات کی بنیاد پر شروع کی گئی ہیں جوکہ حتمی نہیں۔ نیب قانو ن کے مطابق تمام متعلقہ افراد سے بھی ان کا موقف معلوم کرنے کے بعد مزید کارروائی کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں بدعنوانی کے 4 ریفرنسز دائرکرنے کی منظوری دی گئی جن میں سابق صدر آصف علی زرداری اور دیگر کے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔

ملزمان پر مبینہ طور پر میسرز پیراتھینان پرائیویٹ لمیٹڈ، میسرزپارک لین پرائیویٹ لمیٹڈ کیلئے حاصل کردہ فنانشل فیسیلٹی میں خورد برد اور جعلی بینک اکائونٹس کے ذریعے بدعنوانی کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو مبینہ طور پر 3.77 ارب روپے کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میںمیسرز ایکسیڈ پرائیویٹ لمیٹڈ کے حیات محمد مندوخیل کے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔

ملزم پر مبینہ طور پر قومی خزانے کو 455.7444 ملین روپے بدعنوانی کا الزام ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میںڈاکٹر ایوب روز ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز اور دیگر کے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پراختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ڈینگی کنٹرول کیلئے ادویات کے ٹھیکے من پسند افراد کو دینے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو تقریباً 70ملین روپے کا نقصان پہنچا۔

ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں سبطین فضلِ حلیم، مینجنگ ڈائریکٹرپنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی ملتان اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طوراختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ملتان میٹرو کی فزیبیلٹی سٹڈی میں حقائق کے منافی تخمینہ لگانے، غیرقانونی طور پر ٹھیکے دینے، منصوبہ پر عملدرآمد میں تاخیرکی وجہ سے اخراجات میں مبینہ طور پر اضافہ کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو تقریباً 770ملین روپے کا نقصان پہنچا۔

قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں 8 انوسٹی گیشنزکی منظوری دی گئی جن میں پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر عثمان سیف اللہ اور ان کے خاندان کے افراد انور سیف اللہ، سلیم سیف اللہ، ہمایوں سیف اللہ اور دیگر محمد صادق علی عمرانی، سابق صوبائی وزیر پی ایچ ای ڈیپارٹمنٹ بلوچستان اور دیگر، منظور قادرسابق ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کراچی اور دیگر، میجر ریٹائرڈسید خالد امین شاہ چیف سیکورٹی آفیسر، پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر، سندھ سوشل ریلیف فنڈ کے اہلکاران و افسران و دیگر، پراجیکٹ ڈائریکٹر آف ایکسٹینشن آف پٹ فیدر کینال پراجیکٹ ڈیرہ مراد جمالی اور دیگرتمام پیکجز، مشینری مینٹیننس ڈویژن خیر پور شکار پور کے اہلکاران و افسران، ٹھیکہ داران اور دیگر، ایجوکیشن ورکس ڈیپارٹمنٹ جیکب آباد کے اہلکاران و افسران، ٹھیکہ داران اور دیگرکے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری شامل ہیں۔

قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں 6 انکوائریوں کی منظوری دی گئی جن میں سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اکرم خان درانی، رکن صوبائی اسمبلی اعظم خان درانی، عرفان درانی اور دیگر، وائرلیس لوکل لوپ/ لانگ ڈسٹنس انٹرنیشنل کمپنیز، نیپرا کے اہلکاران و افسران، بلال منیر شیخ چیف کمرشل آفیسر پی آئی اے اور دیگر، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے اہلکاران و افسران اور پاک پی ڈبلیو ڈی کے اہلکاران و افسران کیخلاف انکوائریوں کی منظوری دی گئی۔

نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے علی مدد شیرسابق وزیر تعلیم گلگت بلتستان، رکن پنجاب اسمبلی غضنفر عباس چھینہ، محمد شیر چھینہ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل ریوینیو ڈیپارٹمنٹ بھکر اوردیگر ،کیٹل مارکیٹ مینیجمنٹ کمپنی بھاولپور کی انتظامیہ، اہلکاران و افسران اور دیگر پنجاب میٹ پراسیسنگ کمپنی کی انتظامیہ، اہلکاران و افسران اور دیگر، فیصل آباد کیٹل مارکیٹ منیجمنٹ کمپنی کی انتظامیہ، اہلکاران و افسران اور دیگر، اطہر حیات چیف آپریٹنگ آفیسرمیسرز باہم ایسوسی ایٹ اور دیگر، طماش خان سابق ناظم /رکن صوبائی اسمبلی پشاور کے خلاف اب تک عدم شواہد کی بنیاد پرقانون کے مطابق انکوائری بند کرنے کی منظوری دی۔

نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے احمد حسین ڈیہڑ ممبر قومی اسمبلی ملتان اور دیگرکیخلاف انویسٹی گیشن بورڈآف ریونیوپنجاب، سندھ پولیس کے اہلکاران و افسران سندھ پولیس کے اہلکاران و افسران کیخلاف انویسٹی گیشن چیف سیکرٹری سندھ،اکبر ایوب خان چیف ایگزیکٹو آفیسرپختونخوا انرجی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اور دیگرکیخلاف انویسٹی گیشن چیف سیکرٹر ی خیبر پختونخوا،حاجی یاسین،غزالہ شاہین سابق رکن صوبائی اسمبلی اور دیگروائٹل گروپ آف کمپنیز بھاولنگر کے مالکان کے خلاف انکوائری بورڈآف ریونیوپنجاب، پی ایچ اے ملتان کے اہلکاران و افسران کے خلاف انکوائری چیف سیکرٹری پنجاب کو قانونی کارروائی کیلئے بھیجنے کی منظوری دی۔

چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ بدعنوانی تمام برائیوں کے جڑ ہے جو ملکی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ نیب "احتساب سب کے لئی" کی پالیسی پر قانو ن کے مطابق سختی سے عمل پیر ا ہے۔نیب نے قوم کے لوٹے گئے 326ارب روپے وصول کر کے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں ۔ہر شخص کی عزت نفس کا احترام قانون کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے یقینی بنایا جائے گا اس سلسلے میں کوئی کو تاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

نیب افسران ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کو اپنا قومی فریضہ سمجھتے ہیں ، یہی وجہ ہے کہ " نیب کا ایمان -کرپشن فری پاکستان " ہے ۔ چیئرمین نیب نے نیب کے تمام ڈی جیز کو بد عنوان عناصر ، اشتہاری اور مفرور ملزمان کے مقدمات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے اورغیرقانونی ہائوسنگ سوسائٹیوں اور مضاربہ /مشارکہ سکینڈلز کے متاثرین کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔