عوام کو تبدیلی سرکار کے دور میں مہنگائی کا ایک اور جھٹکا لگ گیا

نان بائی ایسوسی ایشن نے روٹی 7روپے کی بجائے 15 روپے اور نان 12 روپے کی بجائے 20 روپے میں فروخت کرنے کا اعلان کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 11 جولائی 2019 11:49

عوام کو تبدیلی سرکار کے دور میں مہنگائی کا ایک اور جھٹکا لگ گیا
لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11جولائی 2019ء ) عوام گزشتہ ایک سال کے دوران ہوش رُبا مہنگائی سے خاصی پریشان دکھائی دیتی ہے، لیکن یوں لگتا ہے کہ رواں بجٹ اور آئی ایم ایف کے ساتھ قرض کی شرائط طے پانے کے بعد مہنگائی کا ایک نیا سیلاب آنے والا ہے۔ ایسا ہی ایک فیصلہ آج لاہور کی نان بائی ایسوسی ایشن کی جانب سے سامنے آیا ہے۔ نان بائی ایسوسی ایشن کے آج منعقدہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے کے بعد تندور پر ملنے والی سادہ روٹی، نان اور خمیری روٹی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔

نان بائی ایسوسی ایشن کے مطابق سادہ روٹی کی قیمت 7 روپے سے بڑھا کر 15 روپے کی جا رہی ہے جبکہ نان کی قیمت 12 روپے کی بجائے 20 روپے ہو گی۔ اسی طرح خمیری روٹی کی قیمت بھی 12روپے کی بجائے 20 روپے ہو گی۔

(جاری ہے)

قیمتوں میں اضافے کا اطلاق سوموار کے دِن سے ہو گا۔ واضح رہے کہ چند ہفتوں کے دوران تندور پر ملنے والی نان اور روٹی کی قیمتوں میں یہ دُوسری بار اضافہ کیا جا رہا ہے۔

بجٹ کا اعلان ہونے کے بعد جب آٹے اور میدے کی قیمتیں بڑھیں تو نان بائی ایسوسی ایشن نے بھی روٹی کی قیمت 6 روپے سے بڑھا کر 7 روپے کر دی تھی اور نان و خمیری روٹی کی قیمت 10 روپے سے بڑھا کر 12 روپے کر دی گئی تھی۔ نان بائیوں کا کہنا ہے کہ ہم مہنگے داموں آٹے کی بوری خرید کر کم قیمت میں لوگوں کو نہیں بیچ سکتے۔ کیونکہ گیس کے بِلوں کی مد میں بھی حکومت کی جانب سے خوفناک اضافہ کر دیا گیا ہے۔ جس کے باعث ہمارا گزارہ نہیں ہو پاتا۔ اگر ہم کم قیمت میں روٹی بیچیں گے تو ہمارے اپنے گھروں میں بھُوک ناچنے لگے گی۔ اس لیے ہم قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کرنے میں مجبور ہو گئے ہیں۔