چناری، جیپ حادثہ، زخمی ڈرائیور آٹھ روز کے بعد جان کی بازی ہار گیا

مرنے والے افراد کی تعداد چار ہو گئی

جمعرات 18 جولائی 2019 21:22

چناری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2019ء) وزیراعظم آزاد کشمیر کے آبائی حلقہ انتخاب میں روڈ کی خراب حالت کے باعث چناری سے درہ بٹنگیٴْ جانے والی جیپ حادثہ زخمی ہونے والا ڈرائیور آٹھ روز تک سی ایم ایچ مظفرآباد میں زندگی اور موت کی کشمکش رہنے کے بعد جان کی بازی ہار گئے مرنے والے افراد کی تعداد چار ہو گئی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق دس جولائی کے روز چناری سے درہ بٹنگیٴْ جانے والی جیپ خراب روڈ کے باعث کونا کے مقام پر گہری کھائی میں گرنے سے تین افراد جاں بحق جبکہ ڈرائیور اور کنڈیکٹر زخمی ہو گئے تھے ڈرائیور شفیق کیانی ولد عبدالرشید ساکنہ کھروسہ گھڑتھامہ آٹھ روز تک سی ایم ایچ مظفراباد میں زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد انتقال کر گئے مرحوم کا نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں کھروسہ گھڑتھامہ میں ادا کرنے کے بعد انھیں آہوں اور سسکیوں کے سائے تلے سپرد خاک کر دیا گیا نماز جنازہ میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی یاد رہے کہ چناری سے درہ بٹنگیٴْ جانے والی روڈ کی حالت انتہائی ابتر ہے اس سے قبل بھی خراب روڈ کے باعث متعدد حادثات رونما ہو چکے ہیں یہاں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ یہاں سے منتخب ہونے والے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے متعدد مرتبہ چناری درہ بٹنگیٴْ روڈ کی تعمیر کے وعدے کیے حکومت قائم ہوئے تین سال ہو چکے لیکن آج تک انھوں نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا جس کے بعد یہاں کے لوگوں نے روڈ کی تعمیر کے لیے چندہ مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے اور ہم پورے آزاد کشمیر میں جاکر روڈ کی تعمیر کے لیے چندہ اکھٹا کریں گے کیونکہ اب ہمیں وزیراعظم سے کوئی امید باقی نہیں رہی