متاثرین لیسوا کو خوراک،خیموں سمیت طبی سہولیات مہیا کی جائیں‘جاوید چوہدری

حکومت آزاد کشمیر فوری طور پر جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلخانہ کی امداد کرے اور انفراسٹریکچر کی بحالی کے لئے حکومت مشینری کو حرکت میں لائے

جمعہ 19 جولائی 2019 14:31

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2019ء) وادی نیلم میں طغیانی کے باعث درجنوں افراد کی ہلاکت افسوس ناک واقعہ ہے، حکومت آزاد کشمیر فوری طور پر جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلخانہ کی امداد کرے اور انفراسٹریکچر کی بحالی کے لئے حکومت مشینری کو حرکت میں لائے۔ان خیالات کا اظہار لندن میں مقیم آزادکشمیر کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت جاوید چوہدری نے آن لائن خبر رساں ادارے ’’اوورسیز نیوز‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

جاوید چوہدری کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات اور آفات سماوی کا مقابلہ کرنا انسان کے بس کی بات نہیں۔وادی نیلم کے علاقے لیسوامیں آسمانی بجلی گرنے کے بعد طغیانی کے باعث درجنوں افراد جاں بحق ہوئے اور درجنوں افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

(جاری ہے)

سینکڑوں مکان طغیانی میں تباہ ہو گئے ہیں۔مصیبت کی اس گھڑی میں لیسوا نیلم کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔حکومت آزادکشمیر سے مطالبہ کرتاہوں کہ فوری طور پر جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلخانہ کی مالی امداد کی جائے اور متاثرین کے نقصان کا ازالہ کیا جائے۔

متاثرین کو خوراک،خیموں سمیت طبی سہولیات مہیا کی جائیں۔انہوںنے کہا کہ تارکین وطن کشمیری مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں ۔ جاوید چوہدری نے مزید کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں وزیراعظم آزادکشمیر لیسوا متاثرین کو تنہاء چھوڑ کر بیرون ملک تفریح سے لطف اندوز ہو رہے ہیں ۔ عوام دوستی کا نعرہ لگانے والے ایسے سانحات میں بے نقاب ہو جاتے ہیں ۔

وزیراعظم کو دورہ مختصر کر کے فوری طور پر وادی نیلم جانا چاہیے تھا اور متاثرین کے دکھ درد میں شریک ہونا چاہیے۔ حکومتی اہلکاران بھی فوٹو سیشن تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں ، افواج پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں جو ہر مشکل وقت میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہوتی ہے ۔ کشمیری عوام پر جب بھی مشکل وقت آیا افواج پاکستان کو شانہ بشانہ پایا ۔ پاک فوج کی بروقت امدادی کاروائیوں سے مزید نقصان نہ ہو سکا اور فوری طور پر متاثرین کی بحالی کا کام شروع ہوا۔

حکومت آزادکشمیر کو چاہیے کہ افواج پاکستان کا ساتھ دیتے ہوئے متاثرین کی بحالی کے کاموں میں عملی حصہ ڈالے ۔جاوید چوہدری نے سانحہ لیسوا ، شاریاں اور کامسر ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونیوالے افراد کی مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ۔