Live Updates

وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکہ سے پاک امریکہ تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے،

وزیراعظم کا دورہ امریکہ ملک وقوم کی خوشحالی کی طرف اہم قدم ہے، دنیا کے تمام ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کا اجلاس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو

پیر 22 جولائی 2019 16:36

وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکہ سے پاک امریکہ تعلقات میں ایک نئے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2019ء) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکہ سے پاک امریکہ تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ وزیراعظم کا دورہ امریکہ ملک وقوم کی خوشحالی کی طرف اہم قدم ہے۔دنیا کے تمام ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ سے ملاقات کے بعد دونوں ممالک ایک دوسرے کے قریب آئیں گے۔

وزیر اعظم عمران خان نے زبانی طور پر سادگی اور کفایت شعاری کا درس نہیں دیا بلکہ انہوں نے پاکستانی سفیر کے گھر قیام کر کے عملی نمونہ بھی پیش کیا ہے۔ دوسرے ممالک سمیت امریکہ سے تعلقات میں بہتری پاکستان کے مفاد میں ہے۔ وزیر اعظم نے واشنگٹن کے تاریخی جلسے سے خطاب کیا۔ نومبر میں علامہ اقبال بک فیئر منعقد کرانے پر غور کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

وہ پیر کے روز یہاں ایوان اقبال میں پبلشرز اور بک سیلرز کے منعقدہ اجلاس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کمرشل فلائیٹ کے ذریعے امریکہ جاکر کفایت شعاری کی ایک نئی مثال قائم کر دی ہے کہ مقروض ممالک کے سر براہ کو بے جا اخراجات نہیں کرنے چاہئیں جبکہ گزشتہ حکومتوں کے سربراہ تو کثیر تعداد میں وفد لے کر جاتے تھے جس سے حکومی خزانہ پر بوجھ پڑتا تھا۔ نواز شریف اور عمران خان کے دورے کے اخراجات جلد سامنے لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کے چیف پروٹوکول نے وزیر اعظم عمران خان کا ا ستقبال کیا۔ بیرونی ممالک کی دوستیاں مفاد پر مبنی ہوتی ہیں،چین ،روس، امریکہ نے پاکستان کو اشتراک کی دعوت دی۔ سرکاری طور پردعوت نامہ پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم عمران خان کو دورے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں یکساں تعلیم نظام لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

سردیوں تک آٹھویں جماعت تک یکساں نظام تعلیم کیلئے صوبوں کو ہدایت کرینگے۔ نومبر میں علامہ اقبال بک فئیر منعقد کرانے پر غور کیا جائیگا۔ بک فئیر سے لوگوں کا کتابیں پڑھنے کا شوق بڑھے گا۔جب سیاست سے رِیٹائر ہونگا تب کتاب لکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک ایک مشکل معاشی صورتحال سے گز ر رہا ہے۔ بہت جلد بہتری کا سفر شروع ہو جائیگا۔ نیب ایک آزاد اور خود مختار ادارہ ہے۔

قوم کی لوٹی ہوئی رقم کا حساب نیب لے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سب سے بڑا مسئلہ ٹیکس کولیکشن ہے۔ لوگ ٹیکس دینا نہیں چاہتے۔ سیاسی جماعت کیلئے فیصلے کرنے مشکل ہوتے ہیں۔ ملک کو اقتصادی طور پر مضبوط کرنے کیلئے سب کو اپنے حصے کا ٹیکس ادا کرنا چاہیے۔ ایمنسٹی کے بعد کسی کو ریلیف دینے کا کوئی پروگرام نہیں ہے۔ ستر سال سے قرض لے رہے ہیں۔

موجودہ حکومت اپنے دور اقتدار میں آٹھ ارب ڈالر حکومتی قرض ادا کر چکی ہے۔ ملک میںاس وقت مشکل حالات ہیں لیکن یہ وقت گزر جائیگا۔ افغانستان میں امن پاکستان کے مفاد میں ہے۔شفقت محمود نے کہا کہ اپوزیشن کو اپنی کرپشن اور منی لانڈرنگ کا حساب کتاب دینا ہوگا۔حکومت کے قیام کے چند روز بعد ہی کہا گیا کہ حکومت چلی جائیگی لیکن وزیر اعظم عمران خان کی مدبرانہ قیادت نے تمام سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اپوزیشن کو ناکامی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا۔

وزیر اعظم عمران خان کسی کو این آر او نہیں دینگے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کتابوں کی اشاعت کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ مسائل بہت ہیں مشکلات کا سامنا ہے۔جدید دور میں کتابوں کی اشاعت چیلنج ہے۔حکومت کوشش کریگی کہ تعلیم اور کتب بینی کو فروغ دیا جائے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جی ڈی پی کی شرح کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ قبل ازیں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود سے پبلیشرز اینڈ بک سیلرزایسوسی ایشن کے وفد سے درسی کتب کی بہتری کیلئے مذاکرات ہوئے ۔

ایسوسی ایشن کی جانب سے ہر سکول میں سرکاری درسی کتب لگائی جا نے کی تجویز کو منظور کر لیا گیا۔ جتنے بھی پبلشنگ اور کتب سیلرز کے ادارے ہیں ان کو خط لکھے جائیں گے تاکہ کتاب بینی کے فروغ کو یقینی بنا یا جائے ۔کتاب میلے سجائے جائیں، کاغذ سستا کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ کتب بینی کے فروغ کیلئے کتا بیں سستی ہونی چاہئیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات