موسم پھر سے بدلنے لگا، محکمہ موسمیات کی تازہ ترین پیشن گوئی

لاہور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں منگل کی شب سے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگا جو اگلے کئی روز تک جاری رہے گا، پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں سیلاب کا بھی خدشہ ہے

muhammad ali محمد علی بدھ 24 جولائی 2019 00:41

موسم پھر سے بدلنے لگا، محکمہ موسمیات کی تازہ ترین پیشن گوئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جولائی2019ء) موسم پھر سے بدلنے لگا، محکمہ موسمیات کی تازہ ترین پیشن گوئی، لاہور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں منگل کی شب سے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگا جو اگلے کئی روز تک جاری رہے گا، پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں سیلاب کا بھی خدشہ ہے۔ میڈیا رپورٹس میں فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ملک میں ان دنوں مون سون کا سیزن عروج پر ہے۔

گزشتہ ایک ماہ کے دوران پنجاب، خیبرپختونخواہ اور بلوچستان میں بادل جم کے برسے ہیں۔ تاہم پنجاب میں گزشتہ 2،3 روز سے بارشوں کا سلسلہ کسی حد تک تھم گیا تھا۔ تاہم اب پھر سے مون سون بارشوں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہونے والا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے جڑواں شہروں راولپنڈی، اسلام آباد سمیت لاہور اور ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آئندہ چار روز کے دوران تیز ہواوں اور آندھی کے ساتھ مون سون کی مزید بارشیں ہوں گی۔

(جاری ہے)

اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ خدشے کا اظہار کیا گیا ہے کہ مون سون کی تیز بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔ ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اور ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کی شام سے ہفتہ کے دوران لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ہزارہ، مالاکنڈ، پشاور، مردان ڈویڑن، اسلام آباد اور کشمیر میں اکثر مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اگلے 4 روز کے دوران کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، ڑوب، قلات، سبی، نصیرآباد، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، ساہیوال ڈویڑن اور گلگت بلتستان میں بھی کہیں کہیں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ان 4 روز کے دوران کچھ شہروں میں مسلسل اور موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ منگلا کی بالائی نہر میں اونچے سے انتہائی اونچے درجے کا سیلاب آنے کا امکان ہے۔ دریائے چناب میں مرالہ اور اس کے نشیبی علاقوں میں بھی اونچے سے انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔ شدید بارش کے باعث لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی، پشاور اور سرگودھا ڈویژنز میں بھی سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔ ان شہروں کے متعلقہ اداروں کو الرٹ پر رہنے کی ہدایت جاری کی جا چکی ہے۔