کشمیر میں رشوت خوری، اقرباپروری اور دیگر برائیوں کے بیچ خود بھارت نے بوئے ہیں‘ سید علی گیلانی

طاقت کا نشہ چاہے کسی فرد کو ہو یا ملک کو وہ اخلاقی، انسانی ، جمہوری اور آئینی اقدار کی پامالی کی ہر حد پھلانگ لیتا ہے

بدھ 24 جولائی 2019 13:37

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2019ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ طاقت کا نشہ چاہے کسی فرد کو ہو یا ملک کو وہ اخلاقی، انسانی ، جمہوری اور آئینی اقدار کی پامالی کی ہر حد پھلانگ لیتا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں مقبوضہ کشمیر کے گورنر ستیا پال ملک کے حالیہ بیان جس میں انہوں نے کہا کہ تھا کہ بدعنوان اور رشوت خود عناصرکو قتل کر دینا چاہیے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی آئین کے مقامی محافظ کھلے عام قتل وغارت گری کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے فخر محسوس کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا اگرچہ یہ حقیقت ہے کہ کشمیرکے سیاسی سوداگروں اور ضمیر فروش نوکر شاہی نے عوامی خزانے کو لوٹ کر ذاتی جائیدادیں بنائی ہیں، لیکن پچھلے 71سال سے اس بے انتہا لوٹ مار کی پشت پناہی اور حوصلہ افزائی خود بھارت نے کی ہے اور اس نے رشوت خوری، بددیانتی، اقربا پروری، سیاسی گٹھ جوڑ، غنڈہ گردی اور انتخابی دھاندلیوں کے بیچ خود یہاں بوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رشوت خوری جیسے سماجی ناسور ،سیاسی غیر یقینیت جبری فوجی قبضہ میں زیادہ پنپتے ہیں اور اس کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کا ایک ہی راستہ ہے کہ عوام کو حق وانصاف اور بنیادی حقوق کی فراہمی کے عملی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ انصاف کے ذرین اصولوں پر معاشرہ تعمیر ہو۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے نمائندے آئے روز ایسے شگوفے چھوڑتے ہیں اور جن کا ہدف اور نشانہ اُن کے اپنے ہی وظیفہ خوار ہوتے ہیں اور یہ اُن حاشیہ برداروں کے لیے عبرت اور سبق ہے کہ جس ملک اور جس نظام کے لیے انہوں نے اپنی پہچان یہاں تک کہ اپنا ایمان بھی بیچ ڈالا وہی ملک اور اس کے ذمہ دار افراد اُنہیں اپنی اوقات یاد دلاتے ہیں۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ کاش ان طالع آزماؤں نے ظالم اور جابر کا دم چھلہ بننے کے بجائے اپنے لوگوں کے حقوق کے لیے حق وانصاف کا ساتھ دیا ہوتا۔سید علی گیلانی نے ڈوگرہ مہاراجہ آنجہانی ہری سنگھ کے پوتے اور کانگریسی رہنماVikramaditya Singh کی تیرہ جولائی 1931کے شہداء حوالے سے زہر افشانی کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری مسلمانوں پر بے پناہ ظلم وستم ڈھانے والے مطلق العنان ڈوگرہ حکمران کے وارثوں سے ایسی ہی امید کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قتل وغارت گری اور لوٹ مار تو خود ڈوگرہ فوجیوں نے کی ہے اورالٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مصداق الزام اُن پاک ارواح پر لگاتے ہیں جنہوں نے اس تاناشاہی اور کبروغرور کے خلاف آواز اُٹھا کر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔