راولپنڈی، اسلام آباد سمیت کشمیر میں آج اکثر مقامات پر بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے

جمعرات 15 اگست 2019 18:46

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2019ء) راولپنڈی، اسلام آباد سمیت کشمیر میں آج جمعہ کو اکثر مقامات پر بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق (آج) جمعہ کو ہزارہ، مردان، پشاور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں اکثرمقامات پر بارش اور چند مقامات پر موسلادھا ر بارش کا امکا ن ہے جبکہ مالاکنڈ، سرگودہا، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور ڈویژن، گلگت بلتستان میں کہیں کہیں، قلات، میرپور خاص، کراچی ڈویژن میں چند مقامات پر تیزہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اگلے دو روز کے دوران ہزارہ، مالاکنڈ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ڈی جی خان ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں موسلادھار بارش کے باعث مقامی دریائوں/برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

اس دوران پشاور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی امکان ہے۔ تیز بارشوں کے باعث ہزارہ، مالاکنڈ ڈویژن، گلگلت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ ،راولپنڈی، ٹھٹھہ ڈویژن، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہوائوں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ سب سے زیادہ بارش منگلہ 17، اسلام آباد (گولڑہ 04،بوکرہ 02، سید پور01،) راولپنڈی (شمس آباد 01)، چکوال01، کاکول 04، مالم جبہ 02، کالام01، کوٹلی 23،گڑھی دوپٹہ 02، مظفر آباد(ایئر پورٹ 01)، سکردو 02، استور 01 اور بدین میں 02 ملی میٹر بار ش ریکارڈ کی گئی۔ جمعرات کو ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت سبی 43 اور تربت میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔