تنازعہ کشمیر کے باعث عالمی امن کوسخت خطرہ لاحق ہے، رپورٹ

ہفتہ 21 ستمبر 2019 18:11

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2019ء) حل طلب مسئلہ کشمیر علاقائی کے ساتھ ساتھ عالمی امن کیلئے بھی شدید خطرے کا باعث بنا ہوا ہے۔ عالمی یوم امن کے موقع پر کشمیر میڈیاسروس کی طرف سے جاری ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان تنائو اور کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے اور اس مسئلے کی وجہ سے ہی دونوں ملکوں کے درمیان ایٹمی جنگ ہوسکتی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ اس حقیقت کے باوجود کہ اقوام متحدہ نے مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے کئی دہائیوں قبل متعدد قراردایں پاس کی تھیں یہ مسئلہ تاحال حلب طلب ہے۔ ’’کے ایم ایس‘‘ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت جموںوکشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو طول دینے کیلئے فوجی طاقت کا استعما ل کر رہا ہے اور اس کی فورسز نے جنوری 1989سے اب تک مقبوضہ علاقے میں ریاستی دہشت گردی کی کارروائیوں کے دوران 95ہزار 4سو 44بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم اور وہاں کی پوری آبادی کو فوجی محاصرے میں رکھنے کے نریندر مودی کی سربراہی میں قائم بھارتیہ جنتاپارٹی کی قرقہ پرست حکومت کے اقدامات نے خطے کے امن کو دائو پر لگا دیا ہے۔ پورٹ میں کہا کہ بھارتی جنتاپارٹی کی حکومت کو ہندو انتہا پسند تنظیم ’ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ ‘‘ کی مکمل پشت پنائی حاصل ہے جو جنگ کے فلسفے پر یقین رکھتی ہے اور جس کے رہنما جنگ کو مسلسل ہوا دینے میں مصروف ہیں جس کی وجہ سے خطے کے لوگوں لاکھو ں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔