Live Updates

جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کا ایل اوسی کراس کرنے کیلئے لانگ مارچ کا اعلان

لانگ مارچ مظفرآباد سے چکوٹھی کی جانب4 اکتوبر کو کیا جائے گا، لانگ مارچ میں شرکت کیلئے دیگر جماعتوں سے بھی رابطے کیے جار ہے ہیں۔سینئر صحافی حامد میر کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 30 ستمبر 2019 17:07

جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کا ایل اوسی کراس کرنے کیلئے لانگ مارچ کا اعلان
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30 ستمبر2019ء) سینئر تجزیہ کار اور صحافی حامد میر نے کہا ہے کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ نے ایل اوسی کراس کرنے کیلئے لانگ مارچ کا اعلان کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ مظفرآباد سے چکوٹھی کی جانب4 اکتوبر کو کیا جائے گا،لانگ مارچ میں شرکت کیلئے دیگر جماعتوں سے بھی رابطے کیے جار ہے ہیں۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین عبدالحمید بٹ نے 4اکتوبر کو ایل اوسی کراس کرنے کیلئے لانگ مارچ کا اعلان کردیا ہے۔

ایل اوسی کراس کرنے کیلئے لانگ کا آغاز مظفرآباد سے ایل اوسی کے گاؤں چکوٹھی کی جانب کیا جائے گا۔
بتایا گیا ہے کہ جے کے ایل ایف کے چیئرمین عبدالحمید بٹ لانگ مارچ کی قیادت کریں گے، عبدالحمید بٹ پہلے بھی 13 سال انڈین جیل کاٹ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

لانگ مارچ کیلئے دیگر جماعتوں سے بھی رابطے کیے جا رہے ہیں۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے دورہ امریکا سے قبل جب آزاد کشمیر میں مظفرآباد میں عوامی جلسے سے خطاب کیا تھا تو اس وقت بھی عمران خان سے وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے اظہار کیا تھا کہ یہاں کے نوجوان اور لوگ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم کیخلاف لائن آف کنٹرول کراس کرنا چاہتے ہیں، لیکن وزیراعظم عمرا ن خان نے انہیں ایل اوسی کی جانب جانے سے منع کرتے ہوئے کہا کہ میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جا رہا ہوں ۔

انشاء اللہ کشمیریوں کو مایوس نہیں کروں گا۔کشمیریوں کیلئے وہ اسٹینڈ لوں گا جو آج تک کسی نہیں لیا ہوگا۔انٹرنیشنل میڈیا پر کشمیر کی ہرموقع پر بات کروں گا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نوجوانوں مجھے جذبے اور جنون کا پتا ہے آپ ایل اوسی کراس کرنا چاہتے ہیں ، لیکن ابھی ایل اوسی پر نہیں جانا ، ایل اوسی کی طرف کب جانا ہے میں بتاؤں گا،مجھے پہلے اقوام متحدہ میں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں جانے دو، پھر میں نوجوانوں کو بتاؤں گا۔ جس پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے کہا کہ پاکستان نے کشمیر ایشو سے متعلق جو اقدامات اٹھائے ہیں ان کے لیے حکومت کے شکرگزار ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات