Live Updates

کشمیر پر امریکہ کی حمایت نہ ملنے پر باجوہ اور عمران خان چین چلے گئے

سیلیکٹڈ جس ملک میں جاتے ہیں ان کی ہاں میں ہاں ملاتے ہیں اور کرتے کچھ نہیں ہیں تو ایسے میں چین آپ پر کیوں اعتبار کرے گا۔ ریحام خان نے بھارتی ٹی وی چینل پر عمران خان کے خلاف زہر اُگلنا شروع کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 10 اکتوبر 2019 12:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 اکتوبر 2019ء) : وزیراعظم عمران خان کی دوسری سابقہ اہلیہ ریحام خان نے ٹویٹر کے بعد اب بھارتی ٹی وی چینل پر بھی وزیراعظم عمران خان کے بارے میں زہر اُگلنا شروع کر دیا ہے۔ بھارتی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے ریحام خان نے کہا کہ میرے خیال میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور عمران خان (اگر آپ اُن کو تھوڑا کریڈٹ دینا چاہیں)، تو یہ دونوں چین کو منانے گئے ہیں۔

چین ہم سے بہت زیادہ ناخوش ہے۔ اور میں سمجھتی ہوں کہ اگر آپ سے کوئی ڈیل کرتا ہے اور اُس بزنس ڈیل سے جب آپ پیچھے ہٹیں گے تو آپ کو پہلے سوچنا چاہئیے تھا کہ آپ سی پیک پرکتنی سرمایہ کاری لے رہے ہیں۔ عمران خان نے آتے ہی 64 بلین کی سرمایہ کاری کو کم کروا کر 50 بلین کیا۔

(جاری ہے)

ظاہر ہے اس بات پر چین ناخوش ہو گا کیونکہ کسی بھی بزنس میں آپ پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔

چین بڑے سالوں سے پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہا ہے ، اور ابھی بھی کر رہا ہے، لیکن عمران خان کی حکومت اس معاملے پر گذشتہ ایک سال کے دوران جو بیک فُٹ پر گئی ہے، اُس کی وجہ سے چین ہم سے ناراض ہے تو پھر چین ہماری کیوں حمایت کرے گا ؟ یہی وجہ ہے کہ جب امریکہ نے مسئلہ کشمیر پر حمایت نہیں کی تو اب یہ لوگ چین کو منانے گئے ہیں۔ لیکن میرا نہیں خیال کہ چین مانے گا۔

میرا ذاتی خیال ہے کہ انہوں نے چین کو ہلکا لیا ہے ، سی پیک کو کولڈ اسٹوریج میں ڈالا ہوا ہے۔ تو اس صورت میں چین کو منانا بہت مشکل کام ہو گا۔ اب جب حکومت چین کو منانے کی کوشش کررہی ہے تو ایسے میں حالات مزید مشکل ہو جائیں گے۔ کیونکہ ایسا ہرگز نہیں ہو سکتا کہ اگر آپ امریکہ جائیں تو وہاں اُن کی باتوں میں ہاں میں ہاں ملائیں اور کہیں ہم آپ کا کام کریں گے، ایران جا کر آپ یہ کہیں کہ ہم آپ کا کام کریں گے، سعودی عرب جا کر کہیں ہم آپ کا کام کریں گے اور چین جا کر بھی یہی کہیں تو اس سے آپ کا ایک امیج بن جاتا ہے کہ یہ اپنا وعدہ پورا نہیں کرتے۔

ریحام خان نے بھارتی ٹی وی چینل پر اپنے اظہار خیال کا ویڈیو کلپ شئیر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پر امریکہ کی حمایت نہ ملنے کے بعد اب باجوہ صاحب اور سلیکٹڈ دونوں چین کو منانے گئے ہیں۔ چین سی پیک پر حکومتی سست روی اور غیر سنجیدگی پر ہم سے ناراض ہے۔ سیلیکٹڈ جس ملک میں جاتے ہیں ان کی ہاں میں ہاں ملاتے ہیں اور کرتے کچھ نہیں ہیں تو ایسے میں چین آپ پر کیوں اعتبار کرے گا۔

ایک اور ٹویٹر پیغام میں ریحام خان نے وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی تصویر شئیر کی اور کہا کہ آرمی چیف عمران خان کو ایسے دیکھ رہے ہیں جیسے والدین اپنے بچے کو چُپ کروانے اور اپنی حد میں رہنے کا کہنے کے لیے اُس کی طرف دیکھتے ہیں لیکن آپ اس قدر احمق ہوتے ہیں کہ اپنی زبان بند نہیں رکھ سکتے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات