Live Updates

مو لانا فضل الرحمٰن کے لانگ مارچ کا مقصد مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹا نا ہے، وزیر اطلاعات صوبہ پنجاب

15سال کشمیر کمیٹی کا چیئرمین رہنے کے باوجود انہوں نے مسئلہ کشمیر کے لئے کچھ نہیں کیا، میاں محمد اسلم

پیر 14 اکتوبر 2019 12:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت اور تحریک انصاف کے رہنما میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی دونوں مولانا فضل الرحمان کے لانگ مارچ سے دور دور ہیں۔ نجی ٹیلی ویژن سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لئے یہ سارا سلسلہ شروع کیا ہے۔

میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ مولانا 15سال کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہے، اربوں روپے کا بجٹ استعمال کیا، سرکاری رہائش اور ہرقسم کی سہولت سے مستفید ہونے کے باوجود انہوں نے مسئلہ کشمیر کے لئے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا معیشت کی بات کر رہے ہیں، ملک کی معیشت اب بہتری کی طرف گامزن ہے۔ حکومت نے پہلے سال10ارب ڈالر کا قرضہ سود سمیت واپس کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ایک وقت آئے گا کہ میں پاکستان کی فلاح اور عوام کے مسائل کے حل کے لئے نکلوںگا تو یہ سارے میرے خلاف اکٹھے ہو جائیں گے، اب دیکھیں یہ سب اکٹھے ہو رہے ہیں، ان سب کا ایجنڈا ایک ہے کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ اب معیشت بہتری کی جانب بڑھ رہی ہے اور قوم قرضوں کے بوجھ سے نکل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد عام آدمی کو ریلیف ملنا شروع ہو جائے گا اور لوگ خود کہیںگے کہ ہمیں ریلف مل رہا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ سب کرپٹ عناصر وزیر اعظم عمران خان کے خلاف متحد ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عنقر یب پاکستان خودار ملکوں کی صف میں کھڑا ہوگا ۔ مولانا خیبر پختونخوا میں بر سراقتدار رہے ہیں تا ہم انہوںنے اپنے دور میںصوبہ بھر میں کوئی خاطر خواہ اصلاحات نہیں کیں۔میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ ہم نے اپنے دور حکومت کے دوران خیبر پختونخوا میںجو مذہبی اصلاحات کی ہیں ان میں جماعت اول سے پنجم تک ناظرہ جبکہ جماعت ششم سے انٹرمیڈیٹ تک قرآن پاک کو ترجمہ کے ساتھ پڑھنا ، سودی نظام کا خاتمہ، حضرت عمر فاروق کی شہادت کے دن چھٹی کا اعلان اور آئمہ مسجد کے لئے وظائف مقرر کرنا شامل ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات