پاکستان میں تعینات غیر ملکی سفیروں کا وفد لائن آف کنٹرول پر پہنچ گیا

جورا سیکٹر کا دورہ کرایا گیا ،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے وفد کو خوش آمدید کہا اور صورتحال سے آگاہ کیا ’ بھارتی فوج نے 2018 میں 3 ہزار 38 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں 58 سویلین شہید جبکہ 319 زخمی ہوئے ، میجر جنرل آصف غفور ہم فوجی روایات کی پیروی کرتے ہوئے صرف دشمن کی فوجی چوکیوں کونشانہ بناتے ہیں مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈائون کا 79 واں روز ہے بھارت کے اپنے سفارتکار بھارتی آرمی چیف کے جھوٹے دعوے کی حمایت نہیں کررہے، ڈی جی آئی ایس پی آر 5 پاکستان کے پاس چھپانے کیلیے کچھ نہیں ہے، غیرملکی سفیر اورمیڈیا جہاں جانا چاہے جا سکتا ہے،غیرملکی سفیروں اور میڈیا کو بھارتی آرٹلری کے گولے بھی دکھائے گئے

منگل 22 اکتوبر 2019 22:27

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2019ء) پاکستان میں تعینات غیر ملکی سفیروں کا وفد لائن آف کنٹرول پر پہنچ گیا ہے جس کو جورا سیکٹر کا دورہ کرایا گیا ،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے وفد کو خوش آمدید کہا اور صورتحال سے آگاہ کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈی میجر جنرل آصف غفور نے بتایا ہے کہ بھارتی فوج نے 2018 میں 3 ہزار 38 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں 58 سولین شہید جبکہ 319 زخمی ہوئے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے 2019 میں اب تک 2 ہزار 608 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کی جس سے 44 سویلین شہید اور 230 زخمی ہوئے ہیں۔ پاک فوج اور بھارتی فوج میں بہت فرق ہے، ہم فوجی روایات کی پیروی کرتے ہوئے صرف دشمن کی فوجی چوکیوں کونشانہ بناتے ہیں۔

(جاری ہے)

وادی چنار میں مودی سرکار کے ظلم کا ذکر کرتے ہوئے انہوں کے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈائون کا 79 واں روز ہے۔

بھارت کے اپنے سفارتکار بھارتی آرمی چیف کے جھوٹے دعوے کی حمایت نہیں کررہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کے پاس چھپانے کیلیے کچھ نہیں ہے، غیرملکی سفیر اورمیڈیا جہاں جانا چاہے جا سکتا ہے۔غیرملکی سفیروں اور میڈیا کو بھارتی آرٹلری کے گولے بھی دکھائے گئے۔ جنرل آصف غفور نے کہا کہ کیا بھارت بھی اسی طرح میڈیا کو اجازت دے گا بھارت کی جانب سے کیمپ تباہ کرنے کے جھوٹے دعوے کے بعد پاک فوج نے پاکستان میں تعینات غیر ملکی سفارت کاروں کو لائن آف کنٹرول کا دورہ کرایا گیا ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کے مطابق پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کو بھی ایل او سی پر جانے کے لیے کھلی دعوت دی گئی تھی اور مبینہ لانچ پیڈ کا محل وقوع بتانے کا بھی کہا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل رات بھر بھارتی ہائی کمیشن کے جواب کے منتظر رہے اور بار بار پیشکش کے باجود بھارتی سفارتی عملے کی طرف سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

دفترخارجہ نے بتایا کہ بھارتی ہائی کمیشن سے کوئی اہلکار ایل او سی جانے کیلئے نہیں پہنچا اور مبینہ لانج پیڈ کا محل وقوع بھی فراہم نہیں کیا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج نے ایل او سی کے 3 سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس سے پاک فوج کے لانس نائیک اور 5 شہری شہید ہوگئے تھے تاہم بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دیا گیا جس کے نتیجے میں 9 بھارتی فوجی ہلاک جبکہ کئی زخمی ہوئے۔لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کے بعد بھارتی فوج کے سربراہ نے جھوٹا دعوی کیا کہ پاکستان کی طرف تین کیمپ تباہ کیے ہیں جس کو پاک فوج نے مسترد کر دیا تھا۔