Live Updates

کرپٹ لوگ اسلام آباد میں دھرنا لگائے بیٹھے ہیں، معاہدہ کی خلاف ورزی ہوئی تو قانون حرکت میں آئے گا‘ مشتاق غنی

ہفتہ 2 نومبر 2019 21:29

کرپٹ لوگ اسلام آباد میں دھرنا لگائے بیٹھے ہیں، معاہدہ کی خلاف ورزی ..
ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2019ء) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ کرپٹ لوگ اسلام آباد میں دھرنا لگائے بیٹھے ہیں، اگر معاہدہ کی خلاف ورزی ہوئی تو قانون حرکت میں آئے گا، عمران خان نے پہلے کہا تھا جب ان کی دم دبائیں گے تو چیخیں نکلیں گی، اپوزیشن کا دھرنا ملک کو مارشل لاء کی جانب لے کر جا رہا ہے، وہ صرف کرپشن زدہ سابق حکمرانوں کیلئے عمران خان سے این آر او مانگ رہے ہیں، اس حوالہ سے حکومت نے دوٹوک موقف اختیار کر رکھا ہے، وزیر اعظم نے کشمیرکے تنازعہ کو دنیا میں اجاگر کیا جس سے حکومت منزل کے قریب پہنچ چکی تھی، عمران خان دنیا میں کشمیریوں کے سفیر بن کر گئے، اب یہ دھرنا کے ذریعہ اس کو سبو تاز کر کے عمران خان کا استعفی مانگ رہے ہیں حالانکہ جنرل الیکشن میں نوجوان لڑکے نے انہیں شکست دی، یہ ملک جمہوریت کیلئے بنا ہے، ہمیں دھرنا کی کوئی فکر نہیں، مولانا فضل الرحمن کو اب واپسی کا راستہ نظر نہیں آ رہا ہے۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کو ایبٹ آباد میں میں 14 کروڑ 20 لاکھ کی لاگت سے گرلز ڈگری کالج ملکپورہ، ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ کالج ملکپورہ اور کیہال میں سوئی گیس پریشر کمی کے خاتمہ کیلئے نئی گیس پائپ لائنوں کے منصوبوں کی افتتاحی تقاریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی علی خان جدون، وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی مجدد الرحمن، پرنسپل گرلز ڈگری کالج ملک پورہ صائمہ نجیب، پرنسپل پوسٹ گریجویٹ کالج پروفیسر جمیل اختر اعوان، ڈپٹی ڈائریکٹر منیر احمد سواتی، پرنسپل شاہین زمان، سابق ممبر ضلع کونسل ملکپورہ سردار فخر عالم گل، سابق ممبر تحصیل کونسل سردار شیر دل، واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین ہزارہ کے چیئرمین جمیل اختر تنولی، ہزارہ ہومیو پیتھک ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر مسعود اختر تنولی کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔

سپیکر مشتاق احمد غنی نے کہا کہ یہ لوگ آج اگر عمران خان کے دھرنے کی بات کر رہے ہیں تو اس وقت ہم نے چار حلقوں میں دھاندلی کے ثبوت دیئے تھے، دھاندلی کی پیداوار حکومت کو ایک دن رہنے کا بھی حق نہیں، کشمیر ہائی وے پر بیٹھنے والے جلد واپسی کا راستہ اختیار کریں گے، ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق ملک کی معیشت دن بدن بڑھ رہی ہے، اگلے 6 مہینے ملے تو اصلاحات کی بدولت مہنگائی ختم ہو گی اور ڈالر کو بھی نیچے لے کر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے تو اپوزیشن نے اسی حکومت کے تحت صدارت کا الیکشن کیوں لڑا ، اس وقت کیوں نہیں بولے، اب یہ کشمیر ہائی وے سے ہی واپس جائیں گے۔ مشتاق احمد غنی نے کہا کہ گرلز ڈگری کالج ملک پورہ کا قیام ناگزیر تھا جس کی بنیادی وجہ اعلیٰ تعلیم کا حصول گھر کی دہلیز پر ممکن بنانا تھا کیونکہ بچیوں کیلئے گھر سے دور جانا اتنا آسان نہیں ہوتا، صوبہ میں 70 فیصد کالج طالبات کے بنائے گئے ہیں، ایبٹ آباد کے بھی 7 شامل ہیں، ابتدا میں ملک پورہ گرلز کالج کے قیام میں اراضی کا حصول بڑا مسئلہ تھا، یہ بھی تجویز زیر غور رہی کہ کالج کو نجی عمارت میں شروع کیا جائے لیکن اوقاف کی اراضی میسر آنے پر اس کا آغاز کیا اور ابتداء میں 400 طالبات کو داخلہ ملا، اب 8 کروڑ 50 لاکھ سے اس کے نئے بلاک کا افتتاح کرنے کی پوزیشن میں آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں اپوزیشن میں رہ کر بھی اربوں کے ترقیاتی کام کروائے، ایبٹ آباد میں سوئی گیس کی بہتری میں امان الله خان جدون کی وساطت سے 18 انچ قطر کی لائن بچھائی گئی جس کی اب آبادی بڑھنے سے مسائل میں اس طرح کا اضافہ نہیں ہوا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آج آزادی مارچ میں بیٹھنے والے بھی اقتدار میں رہے، ان کا اور ہمارے کام کا موازنہ کر لیں جس کام کی بھی ضرورت محسوس کی گئی اس کا بیڑہ اٹھا کر پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے گرلز کالج کی طالبات کیلئے بس اور وین کی فراہمی کی بھی یقین دہانی کرائی۔ انہوں ملک پورہ کی سڑک کی توسیع کیلئے سی اینڈ ڈبلیو کو ہدایات دیں۔ اس موقع پر انہوں نے گرلز کالج کی فیکلٹی، طالبات اور ایڈمن سٹاف کو کالج انتظامیہ کی جانب سے شیلڈز بھی دیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات