ہنگو پولیس نے کامیاب کاروائی کرتے ہوئے بڈھ بیر میں تہرے قتل میں مطلوب ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا

منگل 5 نومبر 2019 14:30

ہنگو پولیس نے کامیاب کاروائی کرتے ہوئے بڈھ بیر میں تہرے قتل میں مطلوب ..
کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 نومبر2019ء) : ہنگو پولیس نے کامیاب کاروائی کرتے ہوئے پشاور کے علاقہ بڈھ بیر میں تہرے قتل میں مطلوب ملزم کو آلہ قتل سمیت ہنگو کے نواحی علاقہ سے گرفتار کر لیا۔منگل کے روز پولیس اور باخبر ذرائع نے بتایا کہ تین روز قبل پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں غیرت کے نام پر بعض افراد نے رات کی تاریکی میں ایک گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے دو جواں سال خواتین سمیت تین افراد کو قتل کردیا تھا۔

ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں محمد سعود، رقیہ بی بی اور یاسمین بی بی ساکنان ہنگو شامل تھے۔ پولیس کے مطابق تہرے قتل کی واردات کا مقدمہ تھانہ بڈھ بیر (پشاور) میں درج کیا گیا تھا جہاں ایف آئی آر میں فدا محمد ولد موسی خان سکنہ شناوڑی(ہنگو) ملزم نامزد کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ادھر خفیہ اطلاع پر ہنگو پولیس کے ضلعی سربراہ احسان اللہ خان کی خصوصی ہدایت پر ایس ایچ او سٹی انسپکٹر امجد حسین نے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر اسد زبیر خان کی قیادت میں پولیس پارٹی کے ہمراہ کامیاب چھاپہ مار کر ہنگو کے قریبی علاقے شناوڑی سے تہرے قتل واردات میں ملوث ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق تہرے قتل کی واردات کرنے کے بعد ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہوکر ہنگو کے علاقہ شناوڑی میں چھپ گیا تھا۔ ملزم کی موجودگی کی اطلاع پر ہنگو سٹی پولیس نے علاقہ شناوڑی کا گھیراؤ کرکے مبینہ قاتل کو آلہ قتل پستول سمیت حراست میں لے لیا۔دریں اثنائ گزشتہ روز کوہاٹ کے نواحی علاقے بونا شریف جنگل خیل سے ملنے والی نامعلوم لاش کی شناخت ہوگئی ہے جو تقریبا" 18 سالہ جواں لڑکی کی بتائی جاتی ہے۔ابتدائی تفتیش کے مطابق جواں سال لڑکی کو کہیں اور قتل کرکے لاش ویرانے میں پھینک دی گئی تھی۔ اس ضمن میں مزید معلومات حاصل نہیں ہوسکیں۔