شہدائے جموں کی قُربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، بھارت نے انڈین ایکٹ سے جموں و کشمیر کو مٹا دیا لیکن وہ عوام کے دلوں سے نہیں مٹا سکتا، سپیکر آزاد کشمیر

منگل 5 نومبر 2019 20:15

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 نومبر2019ء) سپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ شہدائے جموں کی قُربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ بھارت نے انڈین ایکٹ سے جموں و کشمیر کو مٹا دیا ہے لیکن ریاست جموں و کشمیر کے عوام کے دلوں سے نہیں مٹا سکتا۔ ریاست جموں و کشمیر مکمل اکائی ہے اس کی تاریخی حیثیت کو بدلنے کا بھارت کو کوئی اختیار نہیں۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کے چارٹرکے مطابق کشمیری عوام حق خودارادیت کے تحت اپنے مقدر کا فیصلہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے یوم شہدائے جموں کے موقع پر کیا۔ سپیکر اسمبلی نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام ریاست کی اکائی اور تاریخی تناظر کو نظر انداز نہیں کریں گے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں تقسیم در تقسیم کا جو سلسلہ شروع کیا ہوا ہے اُس کو قبول نہیں کیا جاسکتا۔ ریاستی عوام اپنے قوت بازو اور سنہری قُربانیوں کے ثمر آزادی ضرور حاصل کریں گے۔ دُنیا کی کوئی طاقت اُنہیں پیدائشی حق آزادی سے نہیں روک سکتی۔