یوم شہداء جموں تحریک آزادی کشمیر کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، صدر آزاد کشمیر

منگل 5 نومبر 2019 20:16

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 نومبر2019ء) صد ر آزاد جموں و کشمیرسردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ6 نومبر یوم شہداء جموں تحریک آزادی کشمیر کا اہم سنگ میل ہے جس دن لاکھوں کشمیریوں نے پاکستان کی محبت اور بھارت سے وطن کی آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ یوم شہدائے جموں دراصل اس عزم کی تجدید کے لئے منایا جاتا ہے کہ جموں کے مسلمانوں نی1947ء کو نومبر کے پہلے ہفتے میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ جس مقصد کے حصول کے لئے پیش کیا تھا اس مقصد کو نہ تو فراموش کیا جائے گا اور نہ ہی اس کے حصول میں آئندہ کسی بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم شہدائے جموں کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ صدرسردار محمد مسعود خان نے کہا کہ ماہ نومبر کا پہلا ہفتہ ریاست کے مسلمانوںکی تحریک آزادی کا ایک ایسا سیاہ باب ہے جس میں ڈوگرہ حکمرانوں نے لاکھوں بے گناہ اور نہتے مسلمانوں کے خون کی ہولی کھیل کر ظلم ودرندگی کا ایسا باب رقم کیا جو تاریخ انسانی کے دامن پر سیاہ دھبہ ہے ۔

(جاری ہے)

آج بھی بھارتی افواج کے ہاتھ بے گناہ مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء جموں کے خون نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو نئی جلا بخشی یہی وجہ ہے کہ آج بھی کشمیریوں کی تحریک آزادی زندہ وتابندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس دن یہ عہد بھی کرتے ہیں کہ وطن کی آزادی کے لئے ہم اپنے فرض سے کبھی غافل نہیں ہونگے اور تحریک آزادی کشمیر اور پاکستان کے ساتھ اس کے الحاق کے لئے پوری قوت اور جذبہ سے کوشاں رہیں گے ۔