آزادجموں وکشمیر کونسل سیکرٹریٹ میں محفل میلاد

جمعہ 8 نومبر 2019 17:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 نومبر2019ء) جشن میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں محفل میلاد کا انعقاد آزادجموں وکشمیر کونسل سیکرٹریٹ میں کیا گیا ہے جس میں وزارت اُمورکشمیر و گلگت بلتستان ،آزادجموں وکشمیر کونسل اور گلگت بلتستان کونسل کے افسران اور اسٹاف نے شرکت کی۔جمعہ کو محل کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کے بعد نبی کریم ﷺ کی عظیم شان میں نعت خوانی کی گئی۔

اس موقع پر وفاقی سیکرٹری اُمور کشمیر و گلگت بلتستان طارق پاشا نے ملازمین اور افسران سے حضرت محمد ﷺ کی ولات با سعادت پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حضرت محمد ﷺ کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے جس پر چل کر ہم اپنی دُنیا اور آخرت دونوں کو سنوار سکتے ہیں انہوںنے کہاکہ محسن انسانیت محمد ﷺ کی دُنیا میں تشریف آوری تاریخ انسانیت کا سب سے عظیم اور مقدس واقعہ ہے جس میں آپ ﷺ کو اس دُنیا میں تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا گیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ آپ روئے زمین پر شفقت ، محبت،ہمدردی ،صبر و تحمل ،برداشت بردباری اور نرمی کے پیکر ہیں ۔انہوںنے کہاکہ حضرت محمد ﷺ بہترین اخلاق کے مالک تھے اور آپ کا فرمان ہے کہ تم میں بہترین شخص وہ ہے جس کے اخلاق اچھے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اس مقدس مہینے میں تمام ملازمین اس بات کا عہد کریں کہ وہ اپنی زندگی کو حضور ﷺ کے بتائے احکامات کے مطابق ڈھالیں گے۔

انہوںنے اس خوبصورت محفل میلاد کے انعقاد پر انتظامیہ اور ملازمین کا شکریہ ادا۔ آخر میں تمام شرکاء نے اس عظیم محفل کے اختتام پر مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کی مشکلات جو جلد از جلد دورکرنے ،ان کی حق خود ارادیت کے حصول و آزادی ،پاکستان کی سلامتی اور دفاع وطن کے لیے شہید ہونے والے پاک افواج و سکیورٹی اداروں کے شہداء کے لیے بھی خصوصی طورپر دُعا کی۔