پچھلی حکومتوں کے طرز عمل کی وجہ سے غیر ملکی قرضوں میں اضافہ ہوا ، گورنر سندھ

پاکستان کو کاروباری لحاظ سے پسندیدہ ممالک کی فہرست میں 28 درجے ترقی ملی، ورلڈ بینک کی حالیہ رپورٹ

بدھ 13 نومبر 2019 23:31

پچھلی حکومتوں کے طرز عمل کی وجہ سے غیر ملکی قرضوں میں اضافہ ہوا ، گورنر ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2019ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل سے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کراچی کے ڈائریکٹر جنرل محسن چاندنا کی سربراہی میں 28 ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس (ایم سی ایم سی) میں زیر تربیت افسران نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ گورنر سندھ نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پچھلی حکومتوں کے طرز عمل کی وجہ سے غیر ملکی قرضوں میں بے پناہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ حکومتی ترجیحات واضع ہیں، پاکستان کا امیج دنیا بھر میں مثبت انداز میں پیش کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے پاکستان پر دنیا کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ حال ہی میں ورلڈ بینک کی رپورٹ میں پاکستان کو کاروباری لحاظ سے پسندیدہ ممالک کی فہرست میں اٹھائیس درجے ترقی ملی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امریکا افغان مذاکرات میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، اس کے علاوہ سعودی عرب اور ایران کے مابین مذاکرات میں بھی پاکستان ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔

صوبہ سندھ میں تعلیم اور صحت کے حالات پر ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد یہ دونوں شعبے صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں سوشل ڈیولپمنٹ کے لئے احساس پروگرام کا آغاز کیا گیا جس کے تحت پورے ملک میں غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے خاندانوں کے لیے صحت کارڈ دیے جا رہے ہیں، ان کارڈز کے ذریعے 7 لاکھ سے زائد رقم سے صحت کی سہولیات حاصل کی جاسکتی ہیں، اس کے علاوہ تعلیمی اسکالر شپ، نوجوان انٹر پرینیور کے لئے بلا سود قرضہ بھی فراہم کیا جارہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ معاشی شہ رگ کراچی میں امن و امان ایک بڑا چیلنج تھا لیکن ہماری بہادر اور پیشہ ورانہ فوج ، رینجرز ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے مثل قربانیاں پیش کرکے شہر میں امن و امان قائم کیا آج شہر بھر میں معاشی ، ثقافتی ، سماجی ، ادبی ، کھیل اور دیگر سرگرمیاں جاری ہیں ، اقتصادی حب میں ایک بار پھر سرمایہ کاری ، تجارت اور کاروباری سرگرمیاں روز بروز بڑھتی جارہی ہیں جس سے قومی معیشت کو استحکام حاصل ہو رہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی سب سے پہلے شہر کی جانب توجہ دی اور اس وقت شہر میں وفاق کے تعاون سے میگا پروجیکٹس جاری ہیں ، گرین لائن اور اس کے اطراف میں فلائی اوورز ، باغ ابن قاسم کی تزئین و آرائش ، پینے کے صاف پانی K-IV سمیت دیگر ماس ٹرانزٹ کے منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں جن کی تکمیل سے شہریوں کو زبردست سہولیات حاصل ہونگی ۔ ایک سوال کے جواب انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے موافق ماحول ہر صورت یقینی بنانے کے لئے بھرپور اقدامات یقینی بنائے جارہے ہیں ۔