اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی نے فوری طورپرملک بھر میں بند شاہراہیں کھولنے کا فیصلہ کیا ہے ، کل سے ملک بھر میں ضلعی سطح پر جلسے منعقد کئے جائیں گے

اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی کے کنوینئر اکرم خان درانی کا کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 19 نومبر 2019 23:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2019ء) اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی کے کنوینئر اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے فوری طور ملک بھر میں بند شاہراہیں کھول دی جائیں تاکہ عوام کی مشکلات کا خاتمہ کیا جاسکے، کل سے ملک بھر میں ضلعی سطح پر جلسے منعقد کئے جائیں گے جس میں اپوزیشن جماعتوں کے کارکنان بھرپور شرکت کریں گے، جلد آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو رہبر کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمیٹی کے دیگر اراکین ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ چار نکات کا حصول ہمارا نصب العین ہے اور اسکے لئے جدو جہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج رات سے کارکن رہبر کمیٹی کے کہنے پر تمام سڑکیں کھول دیں کل سے ضلعی سطح پر مشترکہ جلسے ہوں گے جس میں اپوزیشن جماعتوں کی تمام 9 پارٹیوں کے کارکنان شرکتِ کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رہبرِ کمیٹی نے اے پی سی بلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے جس کی تاریخ کا اعلان مولانا فضل الرحمان کریں گے۔اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ ہم میاں نواز شریف کی صحت کے لیے دعا کرنے پر عوام کے مشکور ہیں۔ قبل ازیں کمیٹی کا اجلاس کنوینئر اکرم خان درانی کی صدارت میں ان کی رہائش گاہ پر منعقدہ ہوا۔اجلاس میں کمیٹی کے ممبران پاکستان پیپلز پارٹی سے فرحت اللہ بابر، نیئر حسین بخاری، قومی وطن پارٹی سے ہاشم بابر، نیشنل پارٹی سے طاہر بزنجو، اے این پی سے میاں افتخار، مسلم لیگ (ن) سے احسن اقبال، سردار ایاز صادق، جمیعت علماء پاکستان سے شاہ اویس نورانی، مرکزی جمیعت اہلحدیث سے حافظ عبد الکریم اور پختونخوا ملی پارٹی کے عبدالصمد اچکزئی نے شرکت کی۔