Live Updates

وزیراعظم عمران خان کہیں نہیں جا رہے

سینئیر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے بتا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 22 نومبر 2019 10:30

وزیراعظم عمران خان کہیں نہیں جا رہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 نومبر 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئیر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے کہا کہ اسٹبلشمنٹ اور عمران خان کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ، دونوں ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کہیں نہیں جا رہے ، یہ صرف ایک دیوانے کا خواب ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف کی ملاقاتیں معمول کی بات ہیں، ملک کی جغرافیہ صورتحال، سی پیک ، پاک بھارت کشیدہ تعلقات کے پیش نظر یہ ملاقاتیں ہوئیں اور آگے بھی ہوتی رہیں گی، انہوں نے کہا کہ اختلافات کی تمام خبر بے بنیاد ہیں۔

مسلم لیگ ن سے متعلق بات کرتے ہوئے عارف حمید بھٹی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا اب ایک یہ مقصد ہے کہ مریم نواز کو بیرون ملک بھجوایا جائے اور یہ اطلاعات ہیں کہ ن لیگ نے اس حوالے سے عدالت میں دائر کرنے کے درخواستیں بھی تیار کر لی ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ ایک طرف سابق وزیراعظم نواز شریف علاض کی غرض سے لندن میں موجود ہیں تو دوسری جانب اُن کی صاحبزادی مریم نواز پاکستان میں ہیں جن کو ملک سے باہر بھیجنے کی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ایک طرف حکومتی کابینہ میں توسیع اور ردو بدل ہو رہی ہے تو دوسری جانب سیاسی ناقدین کا خیال ہے کہ حکومت اپنی مدت مکمل نہیں کر سکے گی۔ اس حوالے سے گذشتہ روز جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مفتی کفایت اللہ نے بھی کہا تھا کہ موجودہ حکومت زیادہ سے زیادہ 10 سے 12 ہفتے رہے گی جس کے بعد الیکشن کروائے جائیں گے۔ خیال رہے کہ آئندہ سال الیکشن کا سال ہے اس حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی بیان دیا تھا جبکہ مسلم لیگ ن بھی نئے سرے سے انتخابات کروانے کا مطالبہ کر چکی ہے تاہم حکومت نے اپوزیشن جماعتوں کے ایسے کسی بھی مطالبے کو ماننے سے انکار کر دیا ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات