آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا‘ محکمہ موسمیات

پیر 9 دسمبر 2019 23:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2019ء) محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم شمال مغربی بلوچستان سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں مطلع ابرآلود رہنے اور پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ کے چند علاقوں میں صبح و رات کے اوقات میں ہلکی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے اوقات میں ہلکی دھند چھائے رہنے کی بھی پیشنگوئی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد جبکہ شمالی علاقوں میں شدیدسرد رہا تاہم مکران ڈویژن میں چند مقامات پر بارش ریکارڈ ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش تربت میں7 ملی میٹر، جیوانی 4 اور پنجگور میں3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پیر کو ریکارڈ کئے گئے کم سے کم درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق سکردو اور استور میں درجہ حرارت منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ، گوپس منفی 7، کالام،گلگت بگروٹ منفی4، ہنزہ منفی 3، دیر منفی 2، پاراچنار اور راولاکوٹ میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔