Live Updates

تحریک انصاف کی پالیسیوں کے باعث ملک میں معاشی استحکام آ رہا ہے، رکن قومی اسمبلی اورنگزیب خان کھچی

پیر 9 دسمبر 2019 23:47

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2019ء) تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اورنگزیب خان کھچی نے کہا ہے کہ ملک کو اقتصادی بحران سے نکالنے کیلئے موجودہ حکومت پرعزم ہے، تحریک انصاف کی پالیسیوں کے باعث ملک میں معاشی استحکام آ رہا ہے، آج پاکستان کی اقتصادی ترقی کے حوالے سے عالمی اداروں کی رپورٹس سب کے سامنے ہیں، وزیراعظم عمران خان ملک میں معاشی استحکام لانا چاہتے ہیں، وزیراعظم عمران خان نوجوانوں کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے پرامید ہیں، عمران خان ملک سے کرپشن اور مہنگائی کے خاتمے سمیت دیگر ملکی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 165 وہاڑی سے منتخب ہونے والے تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی اورنگزیب خان کھچی نے پیر کو ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو حکومت میں آنے کے بعد بہت سے چیلنجز کا سامنا تھا، قومی خزانہ خالی اور ادارے تباہ تھے، اقتصادی بحران سے ملک کو نکالنے کیلئے موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی سرپرستی میں پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث ملک میں معاشی استحکام آ رہا ہے، موڈیز اور دیگر عالمی اداروں کی رپورٹس آج پاکستان کی اقتصادی ترقی کے حوالے سے سب کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ملک میں معاشی استحکام، تعلیمی نظام کی بہتری، کرپشن کے خاتمے، غربت کا خاتمے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی دولت اور پیسہ لوٹنے والے آج ملک سے فرار ہیں، وزیراعظم عوام کی لوٹی ہوئی رقم واپس نکلوانے کیلئے پرامید ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ ھکومت کی مؤثر معاشی پالیسیوں کے باعث غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں جس سے ملکی معیشت میں مزید بہتری آئے گی۔ انہوں کہا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کا پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے آنا خوش آئند ہے، اس سے ملک میں کھیلوں کے میدان پھر سے آباد ہوں گے اور دنیا کو یہ پیغام جائے گا کہ پاکستان میں امان و امان کی صورتحال بحال ہو گئی ہے۔

اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو مؤثر طریقے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں دنیا کے سامنے اجاگر کیا، کشمیر کے معاملہ پر پاکستان کی کامیاب سفارتکاری کے باعث آج دنیا مظلوم کشمیریوں پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے کوشاں ہے جس کی بدولت ملکی اقتصادی اعشاریوں میں بہتری آئی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات