Live Updates

تحریک انصاف کی حکومت کا لاہور شہر کیلئے پہلا بڑا منصوبہ

اورنج لائن سے بھی زیادہ زبردست مگر 70 فیصد کم قیمت والا ٹرانسپورٹ منصوبہ شروع کرنے کی تیاریاں، یومیہ 5 لاکھ مسافر سفر کر سکیں گے

muhammad ali محمد علی منگل 10 دسمبر 2019 23:28

تحریک انصاف کی حکومت کا لاہور شہر کیلئے پہلا بڑا منصوبہ
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 دسمبر 2019ء) تحریک انصاف کی حکومت کا لاہور شہر کیلئے پہلا بڑا منصوبہ، اورنج لائن سے بھی زیادہ زبردست مگر 70 فیصد کم قیمت والا ٹرانسپورٹ منصوبہ شروع کرنے کی تیاریاں، یومیہ 5 لاکھ مسافر سفر کر سکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے برطانوی دور کی مشہور زمانہ ’’ٹرام‘‘ سروس کو لاہور میں متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ منصوبہ چینی کمپنی سی آر ایس سی انٹرنیشنل اور چیک رپبلک کے ان کون گروپ پر مشتمل کنسورشیم محکمہ ٹرانسپورٹ کے اشتراک سے مکمل کرئے گا۔اس حوالے سے صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ اور چیک رپبلک و چین کی کمپنیز کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہو گئے ہیں۔ معاہدے کے تحت دونوں کمپنیاں لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں بہتری کیلئے لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کے ساتھ مل کر مختلف منصوبوں پر کام کریں گی۔

(جاری ہے)

جدید طرز کی ٹرام منصوبے کا جلد آغاز کر دیا جائے گا اور پہلے مرحلے میں کینال روڈ پر 30سے 35 کلو میٹر طویل ٹریک پر ٹرام چلائی جائے گی۔ بتایا گیا ہے کہ منصوبے کی لاگت اورنج لائن میٹرو ٹرین کے مقابلے میں 70 فیصد کم ہوگی۔ جبکہ اس سروس سے ایک گھنٹے میں 30 ہزار مسافر یعنی یومیہ تقریباً 5 لاکھ مسافر مستفید ہوں گے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی کا کہنا ہے کہ ٹرام سروس کے اجراء سے روزانہ ہزاروں مسافر مستفید ہوں گے اور کینال روڈ پر ٹریفک کے مسائل میں بھی کمی آئے گی۔

ٹرام سروس سے لاہور کی بڑھتی ہوئی آبادی کو درپیش ٹریفک کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ یہ منصوبہ فلاحی ریاست کے خواب کی تکمیل میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔صوبائی وزیر نے بتایا ہے کہ عوام کو معیاری اورماحول دوست سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ ماڈلز سے استفادہ کیا جائے گا۔صوبائی وزیر جہانزیب کھچی نے بتایا کہ ٹرام سروس شروع کرنے والی کمپنیاں سویت یونین اور امریکہ سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں جدید ٹرام سسٹم متعارف کروا چکی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ مختلف ممالک نے صوبہ پنجاب کے ٹرانسپورٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے جو وزیر اعظم عمران خان کے پاکستان پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات