دہشت گردی کو شکست ، سکیورٹی صورتحال بہتر ہونے سے ملک میں سیاحت کو فروغ ملا ہے

آزاد کشمیر کے خوبصورت مناظر کی تصاویر کی نمائش سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہو گا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا تقریب سے خطاب

بدھ 11 دسمبر 2019 13:51

دہشت گردی کو شکست ، سکیورٹی صورتحال بہتر ہونے سے ملک میں سیاحت کو فروغ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاک فوج اور قوم کی کوششوں سے دہشت گردی کو شکست ہوئی ہے اور سکیورٹی صورتحال بہتر ہونے کے باعث ملک میں سیاحت کو فروغ ملا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کشمیریوں پر مظالم ڈھارہا ہے، بھارت میں مسلمانوں سمیت تمام اقلیتیں غیر محفوظ ہیں، آزاد کشمیر کے خوبصورت مناظر کی تصویروں کے ذریعے جو منظر کشی کی گئی ہے اس سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو تصویری نمائش کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ان تصویروں میں پاکستان کے خوبصورت مناظر کی عکاسی کی گئی ہے۔ ان تصویروں سے ظاہر ہے کہ ہمارے نوجوان کتنے باصلاحیت ہیں اور پاکستان کتنا خوبصورت ہے۔

(جاری ہے)

دنیا کے ممالک کی سیر کی ہے لیکن پاکستان سے زیادہ خوبصورت کوئی خطہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسان خوبصورت مناظر میں اللہ تعالیٰ کی قدرت کو تلاش کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سائنس اور کلچر کے آزادانہ فروغ سے تہذیبیں فروغ پاتی ہیں۔ تخیل کی آزادی اور فنون سے تہذیب آگے بڑھتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ محنت کریںاور دنیا کو پیغام پہنچائیں کہ پاکستان بہت ہی خوبصورت ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ آغا فائونڈیشن نے گلگت بلتستان میں مقامی زبانوں اور ثقافت کے تحفظ کے لئے قابل تحسین کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وادی سندھ کی تہذیب بہترین تہذیبوں میں سے ایک ہے۔ پاکستان قدرتی وسائل اور خوبصورت مناظر سے مالا مال ہے۔ وادی ہنزہ میں عطا آباد جھیل قدرتی طور پر بنی ہے ۔2014-15ء میں 15 ہزار کے لگ بھگ سیاحوں نے گلگت بلتستان کی سیر کی تاہم پاک فوج اور قوم کی کوششوں سے سکیورٹی صورتحال میں بہتری آئی ہے، دہشت گردی کو شکست ہوئی ہے۔ اس تناظر میں رواں سال دنیا بھر سے 22 لاکھ سیاح گلگت بلتستان کی خوبصورتی دیکھنے آئے ہیں ۔

اس سے دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے معصوم لوگوں کے بھائیوں پر کنٹرول لائن کے پار مظالم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔ کشمیری عوام اپنے گھروں میں محصور ہیں۔ ان کے بچے سکول نہیں جا سکتے۔ بھارت ہندوستان میں مسلمانوں کی تاریخ پھاڑ پھینکنے کی کوشش کررہا ہے جس میں وہ ناکام رہے گا۔ بھارت نے آسام میں مسلمانوں کی رجسٹریشن ختم کی۔

مقبوضہ کشمیر میں 37 اے کو منسوخ کیا۔ بھارتی سپریم کورٹ نے بابری مسجد کے فیصلے میں مسلمانوں سے زیادتی کی۔ اب بھارت نے انڈین سیٹیزن شپ ایکٹ منظور کیا ہے۔ یہ اقدامات اقوام متحدہ کے کنونشنز اور پاک بھارت باہمی معاہدوں کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کشمیریوں کے خون کے دریا بہا رہا ہے۔ وہاں مواصلات کے ذرائع پر پابندیاں عائد ہیں جس کے باعث کوئی تصویر باہر نہیں آ سکتی جبکہ دوسری طرف ہمارا آزاد کشمیر ہے جہاں کے خوبصورت مناظر کی ان تصویروں میں عکاسی کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ڈیجیٹل اکانومی کی بات کی ہے جس کے ذریعے موبائل فون کے ذریعے رقوم کی منتقلی، نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں برطانوی شہزادی اور ان کی اہلیہ نے پاکستان کا دورہ کیا، اسی طرح ہالینڈ کی ملکہ بھی پاکستان آئیں اور پاکستان کے خوبصورت مناظر کو اپنی آنکھوں سے دیکھا ،اسی طرح اب پاکستان میں کرکٹ بحال ہو چکی ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان کرکٹ میچ ہو رہا ہے۔ اس صورتحال سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان روشن مستقبل کی راہ پر گامزن ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اورسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل علی فرحان نے بھی خطاب کیا۔