کشمیر کی آزادی کے لیے ہم واقعی مخلص ہیں تو جموں کشمیر کی آزاد مملکت کو تسلیم کرتے دوست ممالک سے تسلیم کرنے کی اپیل کرنا ہوگی،محمود شام

جمعرات 12 دسمبر 2019 13:00

سدھنوتی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2019ء) معروف کالم نگار سینئر پاکستانی صحافی محمود شام نے کہا ہے کہ مسلمان بادشاہتوں کو ییہود ونصاری نے یرغمال بنا رکھا ہے ،میں نے ہمیشہ لکھا اور کہا ہے کہ پاکستان کو چین سے سبق حاصل کرنا چاہیے، چین نے ہانگ کانگ کو مسئلہ ہانگ کانگ نہیں بنایا،اس کے غم میں اپنے آپکو کمزور نہیں کیا،اپنی مالی اور معاشی حیثیت کو بتدریج مستحکم کیا ہانگ کانگ خود اس کی جھولی میں آن گرا،ہم نے نعرے بہت بلند کیے،اپنی فوجی طاقت میں اضافہ کیا،ایٹمی ہتھیار بنالیے،لیکن ہماری مالی حیثیت کی کمزوری ڈالر کی اڑان سے ظاہر ہے،اب بھی معیشت بتدریج کمزور ہورہی ہے،اس لیے ہماری کوئی نہیں سنتا،ہم کشمیریوں کی کوئی مدد نہیں کرسکتے،اگر ہم کشمیر کی آزادی کے لیے واقعی مخلص ہیں تو ہمیں ریاست جموں کشمیر کو آزاد مملکت کا درجہ دیکر دوست ممالک سے اپیل کرنی چاہیے کہ وہ اسے تسلیم کریں،اس اقدام سے یقینا جموں کشمیر کی جدوجہد آزادی میں نئی روح پھونک دی جائے گی پھر سلگتے چنار ایک بار پھر ہرے ہوجائیں گے۔