Live Updates

وفاقی وزیر فواد چودھری نے آرمی چیف کے حوالے سے عدالتی فیصلے پر اعتراض اُٹھا دیئے

فواد چودھری نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ آرمی چیف کی مُدت ملازمت میں توسیع کے عدالتی فیصلے میں قانونی سقم موجود ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 14 دسمبر 2019 13:09

وفاقی وزیر فواد چودھری نے آرمی چیف کے حوالے سے عدالتی فیصلے پر اعتراض ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14دسمبر 2019ء) گزشتہ ماہ سُپریم کورٹ آف پاکستان کے معزز جج صاحبان نے پاک فوج کے آرمی چیف کی مُدت ملازمت کے حوالے سے ایک کیس کی سماعت کے دوران فیصلہ سُناتے ہوئے پارلیمنٹ کو اس حوالے سے چھ ماہ کے اندر قانون سازی کا حکُم سُنایا۔ اس عدالتی فیصلے کے حوالے سے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ پارلیمنٹ کو قانون سازی یا آئین میں مُدت تعین کا نہیں کہہ سکتی۔

آرمی چیف کی مُدت ملازمت میں توسیع کے عدالتی فیصلے میں قانونی سقم ہے۔ حدود متعین نہ ہوئی تو اختیارات کی جنگ جاری رہے گی۔ حکومت، اپوزیشن، فوج اور عدلیہ اپنی حدود متعین کریں۔ اُنہوں نے دعویٰ کیا کہ فوج چاہتی ہے ان کے احتسابی عمل کو نہ چھیڑا جائے۔

(جاری ہے)

میڈیا بھی چاہتا ہے اس پر قدغن نہ ہو۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی فواد چودھری آرمی چیف کی مُدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے اعلیٰ ترین عدلیہ کی جانب سے سُنائے گئے فیصلے پر اپنا اختلافِ رائے ظاہر کیاتھا۔

جبکہ سینئیر صحافی صابر شاکر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور ملٹری لیڈر شپ کے مابین صلاح مشورے کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ آرمی چیف کی ایکسٹیشن کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کیا جائے گا اور اس کی روشنی میں اگلا قدم اٹھایا جائے گا،یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ قانون سازی کے لیے کسی کے ہاتھوں بلیک میل ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

صابر شاکر نے مزید کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا انتظار کیا جائے گا جس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا اس فیصلے پر نظرِثانی کی اپیل دائر کرنی ہے یا نہیں۔اس وقت نئے چیف جسٹس اپنا عہدہ سنبھال چکے ہوں گے اور چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ ریٹائرڈ ہو جائیں گے۔ممکن ہے کہ نئے چیف جسٹس، جسٹس گلزار احمد اس نظرِثانی اپیل کو سنیں گے۔

خیال رہے کہ آرمی چیف کی توسیع پر قانون سازی کیلئے 3 رکنی حکومتی کمیٹی قائم کی تھی۔حکومت کو 6 ماہ میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق قانون سازی کرنی ہے، نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کمیٹی سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق قانون سازی پر معاملات کا پر بحث کریں گے۔ کمیٹی میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر شامل ہیں۔

یادرہے سپریم کورٹ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں چھ ماہ کی توسیع کی اجازت دیتے ہوئے وفاقی حکومت کو اس معاملے پر چھ ماہ کے اندر قانون سازی کرنے کی ہدایت کی تھی اورکہاہے کہ پارلیمنٹ میں قانون سازی کے ذریعے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع،دوبارہ تقرری اور مدت ملازمت کا تعین کیا جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات