318 ارکان اسمبلی و سینیٹ کی رکنیت معطل

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کروانے پر زرتاج گل،عامر لیاقت، فواد چوہدری،عامر کیانی فروغ نسیم کی رکنیت معطل کر دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 16 جنوری 2020 14:23

318 ارکان اسمبلی و سینیٹ کی رکنیت معطل
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 16 جنوری 2020ء ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 318 ارکان اسمبلی و سینیٹ کی رکنیت معطل کر دی۔رکنیت اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کروانے پر معطل کی گئی۔جن ارکان کی رکنیت معطل کی گئی ان میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وزراء بھی شامل ہیں۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے زرتاج گل،عامر لیاقت، فواد چوہدری،عامر کیانی،برجیس طاہرہ،نور الحق قادری،فرخ حبیب اور پرویز اشرف کی رکنیت معطل کی۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیر فروغ نسیم کی رکنیت بھی معطل کر دی گئی۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق جن ارکان کی رکنیت معطل کی گئی وہ کسی بھی قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہیں کر سکتے۔گوشواروں کی تفصیلات جمع نہ کروانے تک ارکان کی رکنیت معطل رہے گی۔واضح رہے کہ گذشتہ روز میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ پارلیمنٹرینز اور اراکین صوبائی اسمبلیوں کے مالی گوشوارے جمع نہ کرانے سے 300 سے زائد پارلیمنٹرنیز اور اراکین صوبائی اسمبلیوں کی رکنیت معطل ہونے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

1195 پارلیمنٹرییز اور اراکین صوبائی اسمبلیوں میں سے 838 نے مالی گوشواروں کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی تھیں۔ جب کہ 356 پارلیمنٹرینز اور اراکین صوبائی اسمبلیوں نے گوشواروں کی تفصیلات تاحال جمع نہیں کرائی۔مالی گوشواروں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے اراکین اسمبلی کی رکنیت آج معطل کر دی گئی ہے،۔سینیٹ کے 13، قومی اسمبلی کے 98 اور پنجاب اسمبلی کے 122, سندھ کے 40 ،خیبرپختونخوا کے 61 اور بلوچستان اسمبلی کے 22 اراکین نے گوشواروں کی تفصیلات جمع نہیں کروائیں۔ ۔2 جنوری کو شائع رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے گوشوارے جمع کرادئیے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے گوشوارے تاحال جمع نہ ہوئے۔