بھارتی یوم جمہوریہ کو دنیا بھر میں کشمیریوں نے یوم سیاہ کے طور پر منایا

پیر 27 جنوری 2020 21:31

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2020ء) بھارتی یوم جمہوریہ کو دنیا بھر میں کشمیریوں نے یوم سیاہ کے طور پر منایا اس حوالہ سے انجمن اساتذہ جموں وکشمیراور آزادکشمیر سکولز ٹیچرز آرگنائزیشن کے زیر اہتمام مشترکہ احتجاجی مظاہر ہ گزشتہ روز مظفرآباد میں صاحبزادہ میاں بشیر نقشبندی کی زیرقیادت کیا گیا ، جس سے شیخ معراج خالد ، راجہ مجیب الرحمان ، قاری ضیاء المصطفیٰ منور ، میاں شریف جھاگوی ، عبدالرحمان قادری سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیکولرازم کسی بھی نظام کو ناکام بنانے کے لئے کافی ہیں جبکہ ملک میں امن کی بحالی اور فروغ عشق مصطفی کے لئے صوفی ازم ہی دنیا کی بقاہ کا ضامن ہے ، دنیا بھارتی جمہوریہ کے جھوٹ سے آگاہ ہو چکی ہے کشمیریوں نے دنیا بھر میں یوم سیاہ منا کر واضح کر دیا ہے کہ وہ بھارت کا حصہ کسی صورت بھی نہیں بن سکتے بلکہ کشمیرپاکستان کا لازمی حصہ ہے ، انجمن اساتذہ و مرکزی جماعت اہلسنت نونہال قوم کو محب الوطن پاکستانی بنانے کے لئے اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لارہی ہے ، جس کی وجہ سے آج آزاد کشمیر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں ، ضلعی ہیڈ کوارٹر میں بھارتی یوم جمہوریہ کے خلاف تقریبات کا انعقاد کر کے سیاہ جھنڈے لہرا کر بھارت کے خلاف اپنی نفرت کا بھرپور اظہا کیا ہے انھوں نے کہا ہے کہ انجمن اساتذہ جہاں اساتذہ کی فلاح و بہبود کے لئے موثر اقدام کر رہی ہے وہاں قوم کی صحیح رہنمائی کا فریضہ سرانجام دے کر کما حقہ پورا کررہی ہے ، اس موقع پرتحریک آزادی کا بیس کیمپ جیوے جیوے پاکستان ، پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الاللہ ، پاک فوج زندہ باد ، کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف کے نعروں سے گونج اٹھی۔