آسٹریلیا میں موسلادھار بارش، 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

پیر 10 فروری 2020 13:20

آسٹریلیا میں موسلادھار بارش، 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا
سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 فروری2020ء) آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ہونے والی موسلادھار بارش نے 30 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، گزشتہ 4 روز کے دوران سڈنی میں 391.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس کے باعث کئی علاقے سیلاب میں ڈوب گئے بلکہ ایک لاکھ گھر بجلی سے محروم ہوگئے۔ ۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بارش سے نہ صرف ریاست نیو سائوتھ ویلز کے جنوب مشرقی ساحلی شہر شوالہیون میں 74 روز قبل لگنے والی آگ بلکہ سڈنی کے شمال مغرب میں گوسپرس پہاڑوں پر اکتوبر میں لگنے والی آگ بجھانے میں مدد ملی ہے۔

(جاری ہے)

ان بارشوں سے کئی سالوں سے درپیش خشک سالی کا بھی خاتمہ ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ موسلادھار بارش کے باعث آگ والے علاقے بھی سیلاب کی زد میں آسکتے ہیں ۔ نیو سائوتھ ویلز میں حکام نے بتایا کہ بارش کے باعث واراگمبا ڈیم میں پانی کی سطح 70 فیصد تک ہوگئی ہے۔ شدید بارش کے باعث پیر کو پروازوں کا شیڈول متاثر ہو کر رہ گیا۔ ایمرجنسی سروسز نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گھروں میں رہیں، حکومتی ایجنسیوں نے آنے والے دنوں میں تیز اور اونچی لہروں کا خدشہ ظاہر کیا ہے جس سے شدید سیلابی صورتحال کا سامنا ہو سکتا ہے۔