مذہبی جماعتوں کا حافظ سعید کو سزا سنائے جانے پر شدید ردِعمل

کشمیری و پاکستانی قوم کے محسن کو سزا سنانا افسوسناک ہے۔حافظ سعید کو سزا سے قوم کے سر شرم سے جھک گئے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 14 فروری 2020 13:14

مذہبی جماعتوں کا حافظ سعید کو سزا سنائے جانے پر شدید ردِعمل
اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-14فروری2020ء) مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے حافظ سعید کیس میں سزا سنائے جانے پر شدید ردِعمل ظاہر کیا ہے۔جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق مذہبی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کشمیری و پاکستانی قوم کے محسن کو سزا سنانا افسوسناک ہے۔حافظ سعید کو سزا سے قوم کے سر شرم سے جھک گئے۔حافظ سعید اور ان کے جماعت کے خلاف کوئی الزام ثابت نہیں ہو سکا۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی قوتوں کے دباؤ پر حافظ سعید کو سزا سنا کر کشمیری و پاکستانی قوم کے زخموں پر نمک چھڑکا گیا۔ان کا جرم مظلوم کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنا ہے۔مودی کی خوشنودی کے لیے حکومتی سطح پر اٹھائے جانے والے اقدامات کی حمایت نہیں کی جا سکتی۔بیرونی دباؤ پر کیے گئے ایسے فیصلوں سے قوموں کو نقصان اٹھانا پڑتے ہیں۔

(جاری ہے)

ملی یکجہتی کونسل کے چئیرمین صاحبزادہ ابوالخیر زبیر نے کہا کہ حافظ سعید رہنماؤں کو سزا سنانا اغیار کے مقاصد کی تکمیل کی سازش ہے۔

آن لائن رپورٹ کے مطابق سیکرٹری جنر ل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے جماعت الدعوة کے امیر حافظ محمد سعید کو گیارہ سال قید کی سزاسنائے جانے پر سخت حیر ت اور تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت جو کچھ کشمیر یوں کے ساتھ کررہی ہے وہی ہماری حکومت مظلوم کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھا نے اور کشمیر کی آزادی کا مطالبہ کرنے والوں کے ساتھ کررہی ہے۔

اپنے بیان میں امیر العظیم نے کہا کہ حکومت ملک میں ہر وہ آواز دبانے پر تلی ہوئی ہے جو ملک میں آئین و قانون کی سربلندی شریعت کے احکامات کی پابندی اور قیام پاکستان کے مقاصد کی تکمیل کے لیے اٹھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے حافظ سعید کے خلاف بلا جواز مقدمات قائم کرکے ناصرف پاکستانی عوام بلکہ لاکھوں کشمیریوں کے زخمیوں پر نمک پاشی کی ہے۔

خیال رہے کہ ز انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کالعدم جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید اور ان کے ساتھی کو دو مقدمات میں مجموعی طور پر 11 برس کی قید کی سزا سنائی تھی۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے دونوں ملزمان پر 15 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا جبکہ عدالت نے حافظ سعید کو دہشت گردوں کی مالی معاونت کے الزام سے بری بھی کیا ۔حافظ سعیداور ان کے ساتھی کو سزا پر امریکی محکمہ خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حافظ سعید اور ان کے ساتھی کو مجرم قرار دیا جانا اہم پیشرفت ہے۔