کراچی کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس پھیل گئی

گیس سے 4 افراد جاں بحق اور70 سے زائد افرادشدید متاثر ہوگئے، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ، متاثرہ افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 16 فروری 2020 23:43

کراچی کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس پھیل گئی
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 فروری 2020ء) کراچی میں کیماڑی میں زہریلی گیس پھیل گئی، زہریلی گیس سے 4 افراد جاں بحق اور70 سے زائد افرادشدید متاثر ہوئے ہیں ، متاثرہ افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کیماڑی میں گیس سے بھرے کنٹینروں سے زہریلی گیس پورے علاقے میں پھیل گئی ہے۔زہریلی گیس میں سانس لینے سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ 70سے زائد افرادشدید متاثر ہوئے ہیں، ان میں بعض افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

جاں بحق افراد میں معمار بیگم، احسن اور رضوان شامل ہیں۔متاثرہ افراد کو ضیاء الدین ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈی سی ایز اور ایس پی ایز اپنے سٹاف کے ساتھ ملکر عوام کی مدد کریں۔

(جاری ہے)

متاثرہ افراد کو جناح ہسپتال اور عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا جائے، ان دونوں ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ کیماڑی میں چار افراد کے جاں بحق ہونے کا سن کرافسوس ہوا، واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی۔ ترجمان کے پی ٹی شارق فاروقی کا کہنا ہے کہ پورٹ میں کسی قسم کی زہریلی گیس کا اخراج نہیں ہوا۔ کے پی ٹی کا عملہ تحقیقات کیلئے روانہ ہوگیا ہے۔ پولیس ذرئع نے کہا کہ متاثرین کا کہنا ہے کہ زہریلی گیس کا اخراج کیمیکل سے بھرے کنٹینروں سے ہوا ہے۔

چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر فہیم کا کہنا ہے کہ زیرعلاج افراد کو سانس لینے میں دشواری ہے اورپیٹ درد کی شکایت ہے۔ ڈاکٹرز تمام افراد کو طبی امداد فراہم کررہے ہیں۔ فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں میں گیس سے متاثرہ 60 سے 70 افراد زیرعلاج ہیں۔ لوگوں کا بھی یہی کہنا ہے کہ زہریلی گیس کا اخراج گیس سے بھرے کنٹینروں سے ہوا ہے۔