لندن میں مقیم الطاف حسین شدید علیل، ہسپتال منتقل

ملکی و بین الاقوامی صورتحال، لندن میں متعدد مقدمات، شدید مالی مشکلات کی وجہ سے طویل عرصے سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں؛ بانی ایم کیو ایم کے ساتھی قاسم علی رضا کا بیان

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 12 جولائی 2025 10:57

لندن میں مقیم الطاف حسین شدید علیل، ہسپتال منتقل
لندن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جولائی 2025ء ) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین کو شدید علالت کے باعث لندن کے ایک ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لندن میں مقیم بانی ایم کیو ایم کے ایک ساتھی قاسم علی رضا نے اس حوالے سے بتایا کہ ملکی و بین الاقوامی صورتحال، لندن میں متعدد مقدمات، شدید مالی مشکلات کی وجہ سے الفاط حسین طویل عرصے سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، لندن کے مقامی ہسپتال میں ڈاکٹروں نے الطاف حسین کا چیک اپ کیا اور ٹیسٹ تجویز کیے جن میں ای سی جی، بلڈ ٹیسٹ، سی ٹی سکیں، ایکسرے اور الٹراساؤنڈ شامل ہیں اس کے علاوہ ڈاکٹروں نے انہیں خون بھی چڑھایا ہے۔

اسی طرح لندن میں مقیم ایم کیو ایم کے سینئر رہنما مصطفیٰ عزیزآبادی نے بھی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’ایم کیو ایم کے بانی و قائد الطاف حسین کو شدید علالت کے باعث لندن کے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے ہیں، الطاف حسین کی طبیعت گزشتہ رات بگڑی اور ڈاکٹر کے معائنے اور سفارش پر انہیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا‘، مصطفیٰ عزیزآبادی نے اپنے پیغام میں عوام سے ایم کیو ایم کے بانی کی صحتیابی کے لیے دعا کی بھی اپیل کی۔

(جاری ہے)

خیال رہے ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین گذشتہ تین دہائیوں سے زائدعرصے سے لندن میں خود ساختہ جلاوطنی کاٹ رہے ہیں، حکومت کی جانب سے کراچی آپریشن شروع کرنے کے بعد 1990 کی دہائی کے اوائل میں ایم کیو ایم کے سربراہ جلاوطنی اختیار کر گئے تھے، 2016ء میں کراچی میں ان کی ایک متنازعہ تقریر کے بعد پاکستان میں ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے اپنی جماعت کو الطاف حسین سے علیحدہ کر لیا تھا جب کہ الطاف حسین فروری 2021ء میں کوورونا سے متاثر ہونے کے بعد برطانیہ کے ایک ہسپتال میں انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج رہے تھے۔