وفاقی حکومت نے آئندہ کسی بھی غیر ملکی کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد پر سیکورٹی فراہم کرنے سے انکار کردیا

چیئرمین پی سی بی کو فون کر کے بتا دیا ہے کہ اب اگرکوئی ٹیم آئی تو کوئی سیکیورٹی نہیں ملے گی: وزیر داخلہ اعجاز شاہ

muhammad ali محمد علی پیر 17 فروری 2020 22:30

وفاقی حکومت نے آئندہ کسی بھی غیر ملکی کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد پر سیکورٹی ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 فروری 2020ء) وفاقی حکومت نے آئندہ کسی بھی غیر ملکی کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد پر سیکورٹی فراہم کرنے سے انکار کردیا، وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی کو فون کر کے بتا دیا ہے کہ اب اگرکوئی ٹیم آئی تو کوئی سیکیورٹی نہیں ملے گی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ بریگیڈیئر(ر) اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ بنگلادیش کی ٹیم آئی تومیں گھرسے نکل نہیں سکا۔

میں نے تمام انتظامیہ کو بلایا کہ راستے کیوں بند ہیں تو بتایا گیا کہ غیر ملکی ٹیم کی آمد کے باعث ایسا کرنا پڑا۔ وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ مجھے کہا گیا کہ پی ایس ایل کے تمام کھلاڑیوں کواسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیں۔ میں نے کہا بیرون ملک کھلاڑیوں کوتو دیں لیکن لوکل کھلاڑیوں کوکیوں؟ چیئرمین پی سی بی کوفون کرکے واضح کر دیا کہ اب اگرکوئی ٹیم آئی توکوئی سیکیورٹی نہیں ملے گی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے پاکستان سپر لیگ میں شرکت کے لیے آنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں اور مہمانوں کو سٹیٹ گیسٹس کا درجہ دے دیا ہے ،غیر ملکی سکیورٹی کنسلٹنٹس، براڈ کاسٹرز اور میڈیا پرسنز کو بھی سٹیٹ گیسٹ کا درجہ حاصل ہو گا جبکہ ٹیموں کا غیر ملکی سپورٹنگ سٹاف بھی سٹیٹ گیسٹس میں شامل ہوگا۔ ٹورنامںٹ کے بہترین انعقاد کیلئے وفاقی و صوبائی حکومتوں نے بھرپور تیاریاں و انتظامات کیے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ 5 کے تمام میچز کا انعقاد پاکستان میں ہوگا۔ یہ پہلا موقع ہے جب پی ایس ایل کے تمام میچز کا انعقاد پاکستان میں ہونے جا رہا ہے۔ پی ایس ایل 5 کے میچز 4 شہروں، لاہور، ملتان، راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ میچز کے دوران سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے رینجرز کی جانب سے پولیس کو بھرپور معاونت فراہم کی جا رہی ہیں۔