پانچویں پاکستان سپر لیگ میں (آج) دو میچوں کا فیصلہ ہوگا

جمعہ 21 فروری 2020 10:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2020ء) پانچویں پاکستان سپر لیگ میں (آج) ہفتہ کو دو میچز کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مقابلہ پشاور زلمی سے ہوگا جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں پنجہ آزمائی کرینگی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ میں کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ کراچی میں شروع ہوچکا ہے جس میں شائقین کرکٹ کو کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

لیگ میں آج ہفتہ کو دو میچز کھیلے جائیںگے۔ پہلا میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کمان سرفراز احمد کے ہاتھ ہے، پشاور زلمی کی قیادت ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ڈیرن سمی کرینگے جبکہ دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پنجہ آزمائی کرینگی۔

(جاری ہے)

اسلام آباد یونائیٹڈ کی کپتانی شاداب خان کو سونپی گئی ہے جبکہ ملتان سلطانز ٹیم کی قیادت شان مسعود کرینگے۔ لیگ میں شامل 6 ٹیموں میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز شامل ہیں، لیگ میں فائنل سمیت 34 میچز کھیلے جائیں گے۔ لیگ کے 14 میچز لاہور، 9 کراچی، 8 راولپنڈی اور 3 ملتان میں کھیلے جائیں گے۔ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں 10 لاکھ امریکی ڈالر کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔ لیگ کا فائنل میچ 22مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔