بلاول بھٹو کے نواز شریف مخالف بیان دینے کی وجہ سامنے آ گئی

پیپلز پارٹی سمجھتی ہے شہباز شریف کی پاور شئیرنگ فارمولے پر بات چل رہی ہے،بلاول بھٹو ایسے بیانات دے کر خود کو گیم میں شامل رکھنا چاہتے ہیں۔ مظہرعباس

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 25 فروری 2020 11:35

بلاول بھٹو کے نواز شریف مخالف بیان دینے کی وجہ سامنے آ گئی
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 فروری 2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیان ’نواز شریف بھی سلیکٹڈ تھے‘ پر ن لیگ کی طرف سے سخت ردِعمل دیکھنے میں آیا ہے ، پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے پی پی پی کے چئیرمین بلاول بھٹو کے بیان کو پسند نہیں کیا۔

پی پی پی کی اعلیٰ قیادت تک اپنی ناراضی کا پیغام پہنچا دیا ہے۔اس حوالے سے سینئر تجزیہ نگار مظہر عباس کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ شہباز شریف کی پاور شئیرنگ فارمولے پر بات چل رہی ہے۔بلاول بھٹو ایسے بیانات دے کر خود کو گیم میں شامل رکھنا چاہتے ہیں۔بلاول بھٹو نے پنجاب میں جلسوں کا ابھی اعلان کیا ہے اس لیے پی ٹی آئی اور ن لیگ دونوں کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ن لیگ بلاول بھٹو کے اس بیان پر ردِعمل نہیں دے گی کیونکہ اس کا پنجاب میں پیپلز پارٹی سے نہیں بلکہ پی ٹی آئی سے مقابلہ ہے۔تجزیہ نگار ریما عمر کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی لڑائی اپوزیشن کے لیے اچھی نہیں ہو گی۔جب کہ ارشاد بھٹی کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری ٹھیک کہہ رہے ہیں کہ نواز شریف بھی سلیکٹڈ تھے،یہ بھی سچ ہے کہ نواز شریف نے پارلیمنٹ کو اہمیت نہیں دی۔

نواز شریف اپنے اقتدار کے دوران جتنی دفعہ لندن گئے اس کم مرتبہ پارلیمنٹ میں آئے۔۔خیال رہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) بھی پارلیمنٹ کو زیادہ اہمیت نہیں دیتی،بلاول ہائوس لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ا ٹھارویں ترمیم کے ذریعے پارلیمنٹ اور سویلین بالادستی کو یقینی بنایا،انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر کا کردار اہم ہوتا ہے، امید ہے شہباز شریف جلد واپس آئیں گے اور اپنا کردار ادا کریں گے،انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) بھی پارلیمنٹ کو زیادہ اہمیت نہیں دیتی ، انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف بھی سلیکٹڈ تھے،محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے 17 ارکان کے ساتھ بھاری اکثریت والے نواز شریف کو امیرالمومنین نہیں بننے دیا تھا،انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ شہباز شریف سے بہتر وزیر اعلی ہیں۔