گذشتہ سال پاک فضائیہ کی لاجواب کارروائی سے ایک بار پھر ثابت ہو گیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے،علی امین گنڈاپور

بھارت جارحانہ کاروائیوں سے پاکستان کو ڈرا سکتا ہے نہ کشمیری بھائیوں کی حمایت سے دستبردار کروا سکتا ہے،بہترین دفاعی و سفارتی حکمت عملی کے ساتھ معاشی طور پر مضبوط پاکستان سے مسئلہ کشمیر کے حل کی راہ ہموار ہو گی ،خطے میں دیر پا امن کا قیام بھی یقینی ہو پائیگا،وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان

بدھ 26 فروری 2020 17:46

گذشتہ سال پاک فضائیہ کی لاجواب کارروائی سے ایک بار پھر ثابت ہو گیا کہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2020ء) وفاقی وزیر اُمور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے گذشتہ سال بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کے موثر اور منہ توڑ جواب کے ایک سال مکمل ہونے پر پاک فضائیہ اور افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ سال پاک فضائیہ کی لاجواب کاروائی سے نہ صرف پوری قوم کا سرفخر سے بلند ہوا بلکہ یہ بات بھی ایک بار پھر ثابت ہو گئی کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے اور بھارت اپنی جارحانہ کاروائیوں سے نہ تو پاکستان کو کسی بھی صورت میں ڈرا سکتا ہے اور نہ ہی اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت سے دستبردار کروا سکتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان نے بھارت سے کیا وعدہ سچا کر دکھا یا اور پاکستان نے اپنے خلاف مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے گذشتہ ایک سال میں جو دفاعی اور سفارتی حکمت عملی اپنائی ہے اس کی عالمی تعلقات عامہ میں ایک خاص حیثیت ہے۔ انہوںنے کہا کہ گذشتہ سال کے واقعات کے بعد پاکستان نے ہر موقع پر دُنیا کو باآور کروایا کہ پاکستان حقیقی طورپر ایک پر امن اور ترقی پسند ملک ہے جو نہ صرف خطے میں بلکہ عالمی سطح پر بھی امن و استحکام کے لیے اپنا فعال کردار ادا کررہا ہے۔

انہو ںنے کہاکہ ایک جانب بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحیت کی، 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر میں بین الاقوامی قوانین کی ایک بار پھر دھجیاں اُڑائی اور بھارت میں اقلیتوں کے حقوق سلب کرنے کے لیے ہندو انتہا پسند نظریے کے مطابق شہریت بل دیا ۔ جہاں آئے روز20 کروڑ مسلمانوں کو مسلسلتعصب اور تشدد کا نشا نہ بنا یا جارہا ہے ،تو دوسری جانب پاکستان نے نہ صرف بھارت کو منہ توڑ جواب دیا بلکہ جذبہ خیر سگالی کے طور پر اس کے قید پائلٹ کو بھی بھارت کے حوالے کر دیا۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان نے سکھ برادری کے لیے کرتارپور کوریڈور ریکارڈ ٹائم میں مکمل کرکے سکھ برادری کا دیرینہ مطالبہ بھی پورا کیا۔ انہوںنے کہاکہ ساتھ ہی پاکستان نے افغان امن عمل میں بھی اپنا مثبت کردار ادا کیا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان کی بہترین دفاعی اور سفارتی حکمت عملی کا ہی نتیجہ ہے کہ آج برطانیہ اور فرانس سمیت دیگر ممالک پاکستان سے متعلق اپنی ٹریول ایڈوائزری میں مثبت تبدیلیاں لارہے ہیں، پاکستان کو سیاحت کے حوالے سے پرُکشش ملک قرار دیا جارہا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے دورہ پاکستان کے دوران عالمی وعلاقائی امن کے قیام کے لیے پاکستان کے احسن کردار کی متعدد بار تعریف کی اوریہاں تک کہ امریکی صدر پاکستان کے احسن کردارکی تعریف بھارت کی سرزمین پر اور ہزاروں بھارتیوں کی موجودگی میں بھی کیے بغیر نہ رہ سکے ۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ دُنیا کے سامنے پاکستان کے روشن تشخص کا اجاگر ہونا اور دوسری جانب بھارت کا دنیا کے سامنے ایک ہندو انتہا پسند فاشسٹ ملک کے طور پر بے نقاب ہونا پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ بہترین دفاعی و سفارتی حکمت عملی کے ساتھ معاشی طور پر مضبوط پاکستان سے مسئلہ کشمیر کے حل کی راہ ہموار ہو گی جس سے خطے میں دیر پا امن کا قیام بھی یقینی ہو پائے گا۔