کراچی سبزی منڈی میں روزانہ 1500 ملین کا کاروبار ہوتا ہے، وسیم اختر

ہزاروں لوگ اس کاروبار سے وابستہ ہیں ، گھر بیٹھے آن لائن سرکاری نرخ پر سستی سبزی اور فروٹس کی فراہمی کیلئے کے ایم سی کے تعاون سے پائلٹ پروجیکٹ شروع کیاجائیگا تاکہ مڈل مین کے منافع کو کم سے کم کیاجاسکے ، میئر کراچی

جمعہ 28 فروری 2020 23:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 فروری2020ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ گھر بیٹھے آن لائن سرکاری نرخ پر سستی سبزی اور فروٹس کی فراہمی کے لئے کے ایم سی کے تعاون سے پہلے مرحلے میں ضلع وسطی میں پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا جائے گا تاکہ سبزی اور فروٹس کی فراہمی میں مڈل مین کے منافع کو کم سے کم کیا جاسکے اور شہریوں کوسرکاری نرخوں پر سبزی اور فروٹس گھر بیٹھے دستیاب ہوسکیں جس سے ان کا وقت اور ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات بچ سکیں گے، پائلٹ پروجیکٹ کی کامیابی کے بعد اس کا دائرہ کراچی کے دیگر اضلاع تک بڑھایا جائے گا، کراچی کی سبزی منڈی میں روزانہ 1500 ملین کا کاروبار ہوتا ہے اور ہزاروں لوگ اس کاروبار سے وابستہ ہیں، یہ بات انہوں نے سبزی اور فروٹس کو سرکاری نرخ پر شہریوں کو آن لائن فراہمی سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی،اجلاس میں ڈپٹی میئر کراچی سید ارشد حسن، ضلع کورنگی کے چیئرمین نیئر رضا، ضلع شرقی کے وائس چیئرمین عبدالرؤف، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، سینئرڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم، ڈائریکٹر اسٹیٹ عمران قدیر، ڈائریکٹر ای اینڈ آئی پی عبدالقیوم، ڈائریکٹر لینڈ کمال شیخ اور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ اگر درجہ اول کی سبزیاں اور فروٹس سرکاری نرخ پر شہریوں کو گھر کی دہلیز پر فراہم کئے جائیں تو یہ ایک اچھا عمل ہے اور اس کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ اس سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے، اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے سبزی منڈی آن لائن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زاہد مبشر اور منیجر آپریشنز احسن رضا نے میئر کراچی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سبزی اور فروٹس کی فراہمی کا یہ منصوبہ رالپنڈی، اسلام آباد، سرگودھا اور دیگر شہروں میں کامیابی سے چل رہا ہے اور دن بہ دن آن لائن سبزی حاصل کرنے والے گھرانوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، بریفنگ میں بتایا گیا کہ سبزیوں اور فروٹس شہریوں تک پہنچنے تک چار مڈل مین منافع حاصل کرتے ہیں فارمر سے ڈیلر، ڈیلر سے ہول سیلر، اس کے بعد ریٹیلر سے ہوتی ہوئی سبزیاں شہریوں تک پہنچتی ہیں جبکہ کھیتوں سے سبزیوں کو شہریوں تک پہنچنے میں چھ سے آٹھ دن کا وقت لگتا ہے، ہماری کوشش یہ ہے کہ گاہکوں کو براہ راست فارمر سے منسلک کریں تاکہ منافع کی شرح کم ہواور تازہ اور صحت مند سبزیاں اور فروٹس گھر کی دہلیز پر پہنچ سکیں، انہوں نے کہا کہ آن لائن بھیجی جانے والی سبزی اور فروٹس اگر گاہک کو پسند نہ آئے تو وہ فوری طور پر واپس کرسکتے ہیں اور واپس کرنے پر کسی بھی قسم کے چارجز نہیں لئے جائیں گے، شہریوں کو صرف درجہ اول سبزیاں اور فروٹس ہی آن لائن فراہم کئے جائیں گے اور ہر روز ویب سائٹ پر سرکاری نرخ آویزاں کئے جائیں گے تاکہ شہری سرکاری نرخ کو دیکھ سکیں،بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد انتظامیہ نے گزشتہ سال پرائس کنٹرول کرنے کے سلسلے میں ڈیڑھ کروڑ روپے کے جرمانے کئے لیکن پرائس میں کمی واقع نہیں ہوئی، انہوں نے کہا کہ آن لائن سروس سے سبزی منڈی سے فروخت ہونے والی سبزیوں اور فروٹس کا ڈیٹا بھی مرتب کیا جاسکے گا کہ کتنا سامان کراچی کی سبزی منڈی میں لایا گیا اور کتنا فروخت ہوا، یہ سروس صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک کے لئے ہوگی، انہوں نے بتایا کہ ایسے افراد جو ملازمت پیشہ ہیں انہیں اس سروس سے بے انتہا فائدہ ہوگا، بریفنگ میں میئر کراچی کو بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر شہریوں کی جانب سے ملنے والے 10 ہزار آرڈرز پر عملدرآمد کیا جائے گاجس کے لئے نوجوانوں کو 6ہزار سے زائد نوکریاں فراہم کی جائیں گی اور یہ تمام نوجوان اسی شہر سے منتخب کئے جائیں گے جہاں یہ سروس فراہم کی جائے گی، میئر کراچی نے اس موقع پر کہا کہ اب دنیا میں آہستہ آہستہ تمام اشیاء کی خریداری آن لائن ہونے لگی ہے پاکستان میں بھی بے شمار اشیاء آن لائن دستیاب ہیں،ہمیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر وقت کے ساتھ چلنا ہوگا تاکہ آنے والے وقت کا ساتھ دے سکیں اور آنے والے چیلنجز کا مقابلہ کرسکیں۔

#