جسمانی صفائی، ہاتھ دھونے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے کرونا وائرس سے محفوظ رہا جا سکتا ہے، ڈاکٹر محمد حصام رحیم

جمعرات 5 مارچ 2020 16:58

چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2020ء) افواہوں پر کان نہ دھریں، ماسک پہننا صرف مریض کے لیے ضروری ہے تاہم احتیاطی تدابیر کی صورت میں وائرس کو ہرایا جا سکتا ہے۔ یہ بات میڈیکل کالج کے ڈاکٹرز نے کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، ساہیوال کیمپس میں کرونا وائرس کے حوالے سے آگاہی سیمینار سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ سیمینار کا مقصد طلبا و طالبات کو کرونا وائرس کی اصل وجوہات اور سدِباب کے بارے میں معلومات فراہم کرنا تھا۔

سیمینار سے ساہیوال میڈیکل کالج کے اسسٹنٹ پروفیسر کمیونٹی میڈیسن ڈاکٹر محمد حصام رحیم اور اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد وسیم نے طلبا و طالبات سے خصوصی گفتگو کی۔ سیمینار کے دوران بتایا گیا کہ متوازن خوراک، جسمانی صفائی، ہاتھ دھونے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے وائرس سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

مقررین کا کہنا تھا کہ ماسک کا استعمال نزلہ زکام اور کھانسی کے مریض لازمی استعمال کریں، عام آدمی کیلئے ماسک پہننا ضروری نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سائنس دان کرونا وائرس کی ویکسین اور علاج دریافت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور جلد ہی اس بیماری پر قابو پا لیا جا ئے گا۔ انہوں نے کرونا وائرس کے پھیلائو، علامات و احتیاطی تدابیر اور مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کے لئے مفید معلومات شیئر کیں اور کانفرنس کے شرکا کے سوالوں کے جوابات دیئے۔