تین ممالک کی ائیر لائنز کا پاکستان کیلئے براہ راست پروازوں کے آغاز کا اعلان

ترکی، آذربائیجان اور شام کی ائیرلائنز جلد پروازوں کا آغاز کریں گی، فیصلہ نئی ایوی ایشن پالیسی کے نفاذ کے بعد لیا گیا، سالانہ 10 لاکھ مسافر مستفید ہوں گے

muhammad ali محمد علی جمعہ 6 مارچ 2020 23:48

تین ممالک کی ائیر لائنز کا پاکستان کیلئے براہ راست پروازوں کے آغاز ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مارچ 2020ء) تین ممالک کی ائیر لائنز کا پاکستان کیلئے براہ راست پروازوں کے آغاز کا اعلان، ترکی، آذربائیجان اور شام کی ائیرلائن جلد پروازوں کا آغاز کریں گی، فیصلہ نئی ایوی ایشن پالیسی کے نفاذ کے بعد لیا گیا، سالانہ 10 لاکھ مسافر مستفید ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے نئی ایوی ایشن پالیسی نافذ کی گئی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔

جہاں دنیا کی کئی بڑی ائیرلائن دوبارہ سے پاکستان کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کر چکی ہیں، وہیں کئی ممالک کی ائیرلائن نے پاکستان کیلئے براہ راست پروازوں کا آغاز کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی نئی ایوی ایشن اور کاروبار میں آسانی کی پالیسی کے نفاذ کے بعد ترکی، آذربائیجان اور شام کی ائیرلائن نے پاکستانی شہروں کیلئے براہ راست پروازوں کے جلد آغاز کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

(جاری ہے)

ان ممالک کی کل 3 ائیرلائن جلد پاکستان کیلئے براہ راست پروازوں کا آغاز کریں گی، جس سے سالانہ بنیادوں پر 10 لاکھ مسافر مستفید ہوں گے۔ ملک میں نئی ائیرلائن کے فلائٹ آپریشن کے آغاز سے مقابلے کی فضاء بہتر ہوگی، جبکہ فضائی سفر کے کرایوں میں بھی کمی آئے گی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان کیلئے ایک اور بڑی خوشخبری یہ بھی ہے کہ امریکا 19 برس بعد پاکستان کیساتھ براہ راست پروازوں کے آغاز کیلئے راضی ہوگیا ہے۔

کچھ عرصہ قبل امریکی ہوم لینڈ سیکورٹی حکام نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور انتظامات جائزہ لینے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں کے آغاز کیلئے گرین سگنل دے دیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان سے امریکا کیلئے پی آئی اے کی پہلی براہ راست پرواز ممکنہ طور پر اپریل کے آخر یا مئی کے ماہ میں اڑان بھرے گی۔