Live Updates

ملتان نہ بہاولپور، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے تونسہ کا نام بھی سامنے آ گیا

ہفتہ 7 مارچ 2020 20:55

ملتان نہ بہاولپور، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے تونسہ کا نام بھی سامنے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2020ء) ملتان نہ بہاولپور، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے تونسہ کا نام بھی سامنے آ گیا ہے۔وزیراعلیٰ آفس میں جنوبی پنجاب صوبے کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی جانب سے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے مقام کے تعین کے حوالے سے مختلف آراء سامنے آئیںاوراجلاس میں اراکین اسمبلی کے مابین گرما گرم بحث ہوئی۔

بہاولپور سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے بہاولپور کو علیحدہ صوبہ بنانے کی حمایت کی جبکہ ملتان سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی ملتان میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کی تجویز پر ڈٹے رہے۔بعض ارکان نے جنوبی پنجاب کے 11 اضلاع کے فاصلوں کے حساب سے مقام کا تعین کرنے کی تجویز دی۔بعض ارکان نے کہا کہ اگر بہاولپور یا ملتان پر اتفاق رائے نہیں ہوتا تو تونسہ میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بنا دیا جائے۔

(جاری ہے)

اس تجویز پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار مسکرا دیئے۔ارکان اسمبلی کی جانب سے 23 مارچ کو جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تجویز دی گئی۔ اراکین اسمبلی نے سیکرٹریٹ کے فوری قیام کیلئے مقام کا جلد تعین کرنے پر زور دیا۔اجلاس میں اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو دو تہائی اکثریت وفاق میں ہے نہ پنجاب میں۔لہٰذااجنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ فی الحال نہیں بنایا جاسکتااوراس حوالے سے قانونی، آئینی اور سیاسی مجبوریاں آڑے آ رہی ہیں لیکن ہم نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام جلد از جلد عمل میں لانا ہے تاکہ جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کے مسائل کے حل کیلئے لاہورنہ آنا پڑے بلکہ مقامی سطح پر ہی مسائل حل ہوں۔

بعض اراکین نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے مقام کے تعین کیلئے سیکرٹ ووٹنگ کی تجویزبھی دی۔اراکین اسمبلی نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے مقام کے تعین کا اختیار وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار جہاں چاہیں سیکرٹریٹ کا قیام عمل میں لا سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار آئندہ ہفتے اسلام آباد جائیں گے اوروہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریںگے،جس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے مقام کا حتمی فیصلہ ہوگا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات