کراچی فش ہاربر کی بحالی کیلئے 1.61 ارب روپے کی اسکیمیں شروع کیں ہیں،سید مراد علی شاہ

ماہی گیروں کو فش ہاربر میں بہتر ماحول میں کام کرنے میں مدد ملے گا اور غریب ماہی گیروں کی اپنی کشتیاں اور جال ہوں گے، وزیراعلیٰ

ہفتہ 7 مارچ 2020 23:36

کراچی فش ہاربر کی بحالی کیلئے 1.61 ارب روپے کی اسکیمیں شروع کیں ہیں،سید ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مارچ2020ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ انکی حکومت نے غریب ماہی گیروں کو 100 ملین روپے مالیت کی کشتیاں اور جال مہیا کرنے کے علاوہ کراچی فش ہاربر کی بحالی کیلئے 1.61 ارب روپے کی اسکیمیں شروع کیں ہیں۔ اس سے ماہی گیروں کو فش ہاربر میں بہتر ماحول میں کام کرنے میں مدد ملے گا اور غریب ماہی گیروں کی اپنی کشتیاں اور جال ہوں گے۔

یہ بات انہوں نے یہاں وزیراعلیٰ ہاؤس میں ضلع غربی میں جاری ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں صوبائی وزراء، نثار کھوڑو، شبیر بجارانی، سعید غنی، سید ناصر شاہ، مرتضیٰ وہاب، چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم، وزیراعلیٰ سندھ کے معاونین خصوصی وقار مہدی اور راشد ربانی، ایم این اے قادر پٹیل اور علاقے کے ایم پی ایز نے شریک کی۔

(جاری ہے)

ضلع غربی کراچی،ضلع غربی میں 5 ارب روپے کی 78 اسکیمیں جاری ہیں جن کیلئے 1.85 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں جبکہ 866.519 ملین روپے استعمال ہوئے ہیں جو ریلیز کا 47 فیصد بنتا ہے۔ اس طرح 8 اسکیمیں 79.115 ملین روپے کی ہیں جن کیلئے تمام فنڈز جاری کردیئے گئے ہیں جبکہ 1.8 ارب روپے کی 14 دیگر اسکیمیں ہیں جن کیلئے دو اقساط میں فنڈز جاری کیے جارہے ہیں۔ یہ اسکیمیں رواں مالی سال کے اختتام تک مکمل ہوجائیں گی۔

ضلع غربی میں جاری اہم اسکیمیں مندرجہ ذیل ہیں،174.3 ملین روپے کی لاگت سے اسکول کی بحالی اور توسیع کی 96 اسکیمیں، 612 ملین روپے سے بلدیہ کے پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں کی عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی، 422.3 ملین روپے سے قطر اسپتال کی بحالی، 472.4 ملین روپے سے بلدیہ میں کارڈیک ایمرجنسی سنٹر کا قیام، 200 بستروں پر مشتمل مومن آباد ہسپتال کی تعمیر، 751.09 ملین روپے سے میٹروول کی تعمیر، 306.6 ملین روپے سے 100 بستروں پر مشتمل شہید محترمہ بینظیر بھٹو اسپتال متصل جنگل شاہ کیماڑی کا قیام شامل ہیں۔

غریب ماہی گیروں کیلئے 100 ملین روپے سے ماہی گیری کشتیاں، انجن اور جال کی فراہمی، 1.61 ارب روپے سے کراچی فش ہاربر کی بحالی، 392.6 ملین روپے سے حب کینال کی بحالی کی اسکمیں بھی شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس اسکیم سے ضلع غربی کے عوام کو 50 ایم جی ڈی پانی مہیا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال یہ پانی نالوں میں جا رہا ہے کیونکہ کینال میں بڑی بڑی دراڑیں پڑ گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے علاقے کے منتخب نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ جاری کاموں کا دورہ کریں تاکہ ان کے معیار اور کام کی رفتار کو یقینی بنایا جاسکے۔ضلع وسطی (مرکز)،وزیراعلیٰ سندھ نے ضلع وسطی کی کچھ اسکیموں پر بھی تبادلہ خیال کیا جس پر گزشتہ اجلاس میں بات نہیں کی جاسکی تھی۔ زیر بحث آنے والی اسکیمیں مندرجہ ذیل ہیں،1.57 ارب روپے سے عباسی شہید اسپتال کی توسیع اور بہتری شامل ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال میں ایک مردانہ نرسنگ اسکول ہوگا اور انکی ساتوں لفٹیں بدل دی جائیں گی اور اسپتال میں انتظامی معلومات کا نظام موجود ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عباسی شہید اسپتال میں ای این ٹی / آئی اور فاسیو میکسلیری بلاک ہوگا جو 334.1 ملین روپے سے تعمیر کیا جائے گا۔ 170.58 ملین روپے سے کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز (KIHD) میں انتظامی بلاک کے قیام کی اسکیم بھی شامل ہے جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کے آئی ایچ ڈی میں 490 ملین روپے سے نرسنگ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ بھی قائم کیا جائے گا۔

مراد علی شاہ شاہ نے بتایا کہ انہوں نے سروس روڈ سمیت گجر نالہ کی بحالی کیلئے 1.1 ارب روپئے بھی مختص کئے ہیں۔ 40 ملین روپے سے لنڈی کوتل چورنگی میں ایک پارک قائم کیا جارہا ہے۔#