تمام اضلاع میں ہائی ڈی پینڈنسی یونٹ قائم کرنے کے علاوہ ڈی جی خان میں قوارنٹین سینٹرز قائم کئے گئے ہیں : سعید الحسن شاہ

پیر 9 مارچ 2020 21:08

تمام اضلاع میں ہائی ڈی پینڈنسی یونٹ قائم کرنے کے علاوہ ڈی جی خان میں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مارچ2020ء) صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے پاکپتن کے معروف صوفی بزرگ حضرت مسعودالدین گنج شکر رحمتہ اللہ علیہ کے دربار کا دورہ کیا۔لنگر خانہ،سکیورٹی انتظامات،پارکنگ انتظامات اور زائرین کے لئے شلٹر انتظامات و دیگر انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔انہوںنے دربار کے اردگرد سکیوڑٹی کیمروں کا بھی جا ئزہ لیا۔

انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ دربار کے گرد و جوار میں24گھنٹے کی مسلسل نگرانی کی جائے۔کسی بھی مشکوک افراد کو موقع پر حراست میں لیا جائے۔جیب تراشوں کے گرد گھیر سخت کیا جائے۔ قبل ازیں صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور سیدسعیدالحسن شاہ نے مزار اقدس پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ملک وقوم اور افواج پاکستان کے لیے دعا بھی کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے زائرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ و زیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پرصوبہ کی تمام مساجدمیں جمعہ کے خطبات کے دوران کرونا وائرس بارے بھی عوام کو آگاہی دیںکہ اسلام میں صفائی ستھرائی کی کتنی اہمیت ہے اور ہر بیماری اور قدرتی آفات کا مقابلہ اللہ کے بتائے راستوں کو کو اپنا کر ہی کیا جا سکتا ہے۔

صوبے بھر میں کرونا وائرس کے خطرات سے نمٹنے کے لئے تمام اضلاع میں انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور خصوصی طور پر ہوائی اور زمینی راستوں سے آنے والے مسافروں کی سکریننگ کا عمل بھی کامیابی سے جاری ہے اور اب تک چائنہ، ایران اور دیگر کرونا وائرس سے متاثر ممالک سے آنے والے ہزاروںمسافروں کی روزانہ کی بنیاد پر سکریننگ کا عمل جاری ہے۔ تمام اضلاع میں ہائی ڈی پینڈنسی یونٹ قائم کرنے کے علاوہ ڈی جی خان میں قوارنٹین سینٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں تافتان سے آنے والے مسافروںکی قوارنٹین کا عمل مکمل کیا جارہا ہے - انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں صوبے کے تمام افسروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیںکہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں پرائیویٹ ہسپتالوںاور انکی استعدادکار کا سروے مکمل رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال کے لئے تیاری کا عمل جاری رکھیں-انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ پبلک مقامات جیسے بس سٹینڈز، ایئرپورٹ، بس ٹرمینل، ہائی ویز اور مین روڈ ز پر کرونا وائرس کے بارے میں آگاہی پمفلٹ آویزاں کریں اور ڈیجیٹل سکرینز اور کیبل پر اس ضمن میںآگاہی مہم کی تشہیر کو یقینی بنائیں-انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکموں کے فیلڈ آفیسر ذاتی طور پر ایئرپورٹس پر آنے والے مسافروں کی سکریننگ کے عمل کی خود مانیٹرنگ اور متعلقہ اداروں کے ساتھ ساتھ رابطہ رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر تمام تعلیمی اداروں کے علاوہ اہم پبلک مقامات پر کرونا وائرس کی آگاہی مہم کے لئے ورکشاپس ، سیمینار اور واک کا اہتمام کیا جار ہا ہے تاکہ عوام اس وائرس سے بچاؤ کے تمام حفاظتی اقدامات بروئے کار لائے جا سکیں- انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں ماسک اور دستانوں کی ذخیرہ اندوزی اور زیادہ قیمت پر فروخت کی روک تھام کے لئے دفعہ144نافذ کردی گئی ہے جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے ۔