کشمیری تنازعہ کشمیر کا اپنی خواہشات کے مطابق پر امن حل چاہتے ہیں۔۔۔عمر عادل ڈار

ہفتہ 14 مارچ 2020 23:40

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2020ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر سوشل یوتھ فورم کے چیئرمین عمر عادل ڈار نے کہا ہے کہ کشمیری ایک امن پسند قوم ہے اور وہ تنازعہ کشمیر کا اپنی خواہشات کے مطابق ایک پرامن حل چاہتے ہیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق عمر عاد ل ڈار نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیر ی اپنے حقوق کے حصول کیلئے گزشتہ 72برس سے قربانیاں دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ اقوام متحدہ نے بھی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حوالے سے قراردادیں پاس کر رکھی ہیں جن پر عمل درآمد سے ہی کشمیریوں کی مشکلات ختم ہو نگی اور خطے میں بھی پائدار امن و ترتی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔عمر عادل ڈار نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے انسانی مسئلے کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بارہمولہ کے علاقے رفیع آباد میںشہید ہونے والے کشمیری نوجوان مدثر احمد کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔